اسلام آباد۔2جولائی (اے پی پی):وزیر اعظم محمد شہباز شریف جمہوریہ آذربائیجان کے دارالحکومت باکو میں 17 ویں اقتصادی تعاون تنظیم کےسربراہی اجلاس میں شرکت کریں گے۔ ترجمان دفتر خارجہ نے بدھ کو یہاں جاری بیان میں کہا کہ اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) کا 17 واں سربراہی اجلاس 3 اور 4 جولائی کو باکو میں منعقد ہوگا۔ محمد شہباز شریف پاکستانی وفد کی قیادت کریں گے۔
سربراہی اجلاس کا موضوع ”پائیدار اور موسمیاتی ریزیلنٹ مستقبل کے لیے نیا ای سی او وژن“ ہے۔ وزیر اعظم سربراہی اجلاس کے دوران اہم علاقائی اور عالمی چیلنجز پر پاکستان کے نقطہ نظر کا اشتراک کریں گے اور ای سی او ویژن 2025 کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کریں گے۔
وہ علاقائی تجارت، ٹرانسپورٹ روابط، توانائی کے تعاون اور پائیدار ترقی کے فروغ کے لیے بھرپور وکالت کریں گے۔ وزیر اعظم محمد شہباز شریف سربراہی اجلاس کے موقع پر ای سی او کے دیگر رہنمائوں کے ساتھ دو طرفہ ملاقاتیں بھی کریں گے تاکہ باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا جاسکے۔