وزیر اعظم محمد شہباز شریف سے مصر کی ممتاز کاروباری شخصیت نجیب ساویرس کی زیر قیادت وفد کی ملاقات

157

اسلام آباد۔16دسمبر (اے پی پی):وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان میں انفارمیشن ٹیکنالوجی، ٹیلی مواصلات، توانائی ، زراعت ، فوڈ پراسیسنگ ، لائیو اسٹاک، سیاحت اور قدرتی وسائل کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے بے پناہ مواقع موجود ہیں ، حکومت سرمایہ کار دوست پالیسیوں پر عمل پیرا ہے، غیر ملکی سرمایہ کاروں کو سرمایہ کاری کیلئے تمام تر سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مصر کی ممتاز کاروباری شخصیت نجیب ساویرس کی زیر قیادت وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جس نے جمعہ کو یہاں ان سے ملاقات کی۔

وزیر اعظم نے نجیب ساویرس اور ان کے وفد کو پاکستان میں خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ پاکستان سرمایہ کار دوست پالیسیز پر عمل پیرا ہے. انہوں نے مزید کہا کہ حکومت پاکستان بیرونی سرمایہ کاروں کو تمام تر سہولیات فراہم کرے گی۔ پاکستان میں انفارمیشن ٹیکنالوجی، ٹیلی کمیونیکشن ، توانائی ، زراعت ، فوڈ پراسیسنگ ، لائیو اسٹاک، سیاحت اور قدرتی وسائل کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے بے پناہ مواقع موجود ہیں جن سے بیرونی سرمایہ کار کمپنیاں استفادہ کر سکتی ہیں۔

نجیب ساویرس نے کہا کہ ان کا بزنس گروپ پاکستان میں ٹیلی کمیونیکشن اور رئیل اسٹیٹ کے شعبوں میں کامیاب سرمایہ کاری کر چکا ہے۔ انہوں نے پاکستان میں مزید شعبوں خصوصاً کان کنی کے شعبے میں سرمایہ کاری میں دلچسپی کا اظہار کیا ۔