وزیر اعظم پاکستان محمد شہباز شریف کا شمالی وزیرستان کا دورہ ،آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے وزیراعظم کا استقبال کیا،آئی ایس پی آر

100
وزیر اعظم پاکستان محمد شہباز شریف کا شمالی وزیرستان کا دورہ ،آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے وزیراعظم کا استقبال کیا،آئی ایس پی آر

راولپنڈی۔21اپریل (اے پی پی):وزیر اعظم پاکستان محمد شہباز شریف نے شمالی وزیرستان کا دورہ کیا۔ میران شاہ پہنچنے پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے وزیراعظم کا استقبال کیا۔

وزیراعظم نے یادگار شہدا پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور پاکستان کی علاقائی سالمیت اور خودمختاری کا دفاع کرتے ہوئے لازوال قربانیاں دینے والے دھرتی کے بہادر بیٹوں کے لیے فاتحہ خوانی کی۔

بعد ازاں وزیراعظم کو موجودہ سیکیورٹی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی گئی جس میں سرحد پار سے دہشت گردوں کی سرگرمیوں پر خصوصی توجہ دی گئی۔ وزیراعظم کو سرحد پر باڑ لگانے کی صورتحال سمیت مغربی بارڈر مینجمنٹ سسٹم پر بھی بریفنگ دی گئی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق وزیراعظم نے دہشت گردی کی کمر توڑنے میں کامیابی پر پاک فوج کے افسروں اور جوانوں کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ ابھی زیادہ عرصہ نہیں گزرا ہے کہ دہشت گرد ملک بھر میں معصوم مردوں، عورتوں، بچوں، تعلیمی اداروں اور ریاستی انفراسٹرکچر کو بلاامتیاز نشانہ بنا رہے تھے۔

ہماری مسلح افواج کی دلیرانہ کوششوں کی بدولت، قوم کی مکمل حمایت سے، ہم ہر قسم کی دہشت گرد تنظیموں کو شکست دینے اور ان کے بنیادی ڈھانچے کو ختم کرنے میں کامیاب رہے ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ قوم اس کوشش میں متحد ہے اور ہم مل کر انشاء اللہ کامیاب ہوں گے۔