وزیر اعظم کاپنڈورا پیپرز کا خیرمقدم ‘ ملکی سطح پر اس میں شامل شخصیات کے خلاف تحقیقات کا اعلان‘پاکستانی شخصیات میں جو بھی قصور وار ٹھہرا اس کے خلاف کارروائی ہوگی‘ عمران خان

184

اسلام آباد۔3اکتوبر (اے پی پی):وزیر اعظم عمران خان نے پنڈورا پیپرز کا خیرمقدم کرتے ہوئے ملکی سطح پر اس میں شامل شخصیات کے خلاف تحقیقات کا اعلان کیا ہے جبکہ عالمی برادری سے کہا ہے کہ وہ عالمی ماحولیاتی تبدیلی کے طرز پراس ناانصافی کا بھی نوٹس لے۔

اتوار کو پنڈورا پیپرز پر اپنے ٹویٹ میں وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستانی شخصیات میں جو بھی قصور وار ٹھہرا اس کے خلاف کارروائی ہوگی۔وزیراعظم نے کہا کہ پنڈورا پیپر سے اشرافیہ کی جانب سے ٹیکس چوری اور بدعنوانی سے حاصل کی گئی غیر قانونی دولت کو مالی اعتبار سے محفوظ مقامات پر منی لانڈرنگ کے ذریعے چھپایا جاتا ہے ،

اقوام متحدہ کے پلیٹ فارم سے سات کھرب ڈالر کے غیر قانونی اثاثوں کی نشاندہی کی گئی ہے ۔ وزیراعظم نے کہاکہ میری دودہائیوں پر مشتمل جدوجہد میں اس یقین کے ساتھ عزم ہے کہ ملکوں کی غربت کی بڑی وجہ کرپشن ہے اس سے وہ پیسے جو ہمارے عوام کی بہتری کے لئے صرف ہونے ہوں وہ چوری کئے جاتے ہیں ۔

وسائل کی چوری سے ہزاروں کی تعداد میں غربت سے متعلقہ اموات ہوتی ہیں ، ایسٹ انڈیا کمپنی کے ذریعے انڈیا کی دولت لوٹی گئی ، پسماندہ دنیا کا حکمران اشرافیہ اسی طرح کا طرز عمل اختیار کیا ہوا ہے ۔ بدقسمتی سے امیر ممالک اس بڑے پیمانے پر چوری روکنے میں کوئی دلچسپی نہیں رکھتے اور نہ ہی انہیں اس لوٹی گئی رقم کو واپس لانے میں دلچسپی ہے ۔

وزیراعظم نے کہاکہ ان کی حکومت پنڈورا پیپر میں شامل اپنے تمام شہریوں کی تحقیقات کرے گی اور اگر یہ ثابت ہوا کہ کسی نے غلط کیا ہے تو اس کے خلاف کارروائی ہو گی ۔ انہوں نے عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ اس بڑی ناانصافی سے اسی طرح نمٹیں جس طرح ماحولیاتی تبدیلی کے بحران سے نمٹ رہے ہیں ۔

انہوں نے کہاکہ ایسے اقدامات سے امیر اور غریب ممالک کے درمیان غربت میں اضافہ ہو رہاہے ، ان میں تفریق اور عدم مساوات بڑھتی جارہی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ اس اقدام سے غریب سے امیر ممالک میں اقتصادی ہجرت کا سیلاب آئے گا جس سے دنیا میں مزید معاشی اور سماجی عدم استحکام پیدا ہوگا ۔