وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے امور نوجوانان شیزا فاطمہ خواجہ کا سیالکوٹ چیمبر کا دورہ

68

سیالکوٹ۔2اگست (اے پی پی):وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے امور نوجوانان شیزا فاطمہ خواجہ نے "نیشنل یوتھ ایمپلائمنٹ پالیسی” پر مشاورتی اجلاس کے لیے سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ کیا۔

سیالکوٹ چیمبر میں منعقد تقریب سے خطاب کرتے ہوئے معاون خصوصی نے کہا کہ سیالکوٹ کی تیارکردہ مصنوعات اپنی اعلی کوالٹی اورپائیداری میں اپنی مثال آپ ہیں۔انہوں نے کہا کہ نیشنل یوتھ ایمپلائمنٹ پالیسی کے تحت اعلیٰ کارکردگی کے حامل طلبہ کو ترجیح دی جائے گی جبکہ اسکیم میں خصوصی افراد اور خواتین کا کوٹہ بھی مختص کیا جائے گا۔

انہوں نے سیالکوٹ کے تاجروں کو فنی اور تکنیکی مہارتوں سے آراستہ کرنے پرزور دیا اور کہا کہ موجودہ دور میں ٹیکنالوجی سے زراعت، ٹیکسٹائل اور مینو فیکچرنگ سمیت تمام شعبوں نے ترقی کی ہے ۔

اس موقع پر سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر میاں عمران اکبر نےکہاکہ پنجاب سکلز ڈویلپمنٹ فنڈ غریب اور ضرورت مند نوجوانوں کو معیاری ہنر اور پیشہ ورانہ تربیت کے مواقع فراہم کرکے زیادہ سے زیادہ آمدنی بڑھانے کے لیے کوشاں ہے۔

حکومت سیالکوٹ کی صنعت کو درپیش ہنرمند مزدوروں سے متعلق مسائل کو حل کرنے کے لیے اس ادارے کے ساتھ تعاون کرے۔صدرچیمبر نے کہا کہ سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری سیالکوٹ میں جدید ترین انکیوبیشن سنٹر کے قیام کے سلسلے میں حکومت کے ساتھ رابطے میں ہے۔

انہوں نے شیزا فاطمہ خواجہ سے درخواست کی کہ وہ سیالکوٹ میں ایمیزون ٹریننگ سینٹر کے قیام میں اپنا کردار ادا کریں تاکہ آن لائن کاروبار کے لیے ایمیزون اکاؤنٹس چلانے والوں کو مناسب تربیت دی جائے۔

اجلاس میں سینئر نائب صدر سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری شیخ زوہیب رفیق سیٹھی، نائب صدر قاسم ملک اور سیالکوٹ چیمبر کی ایگزیکٹو کمیٹی کے اراکین نے بھی شرکت کی۔