اسلام آباد ۔ 7 اکتوبر (اے پی پی) وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے سماجی تحفظ و تخفیف غربت اور چیئرپرسن احساس پروگرام ڈاکٹرثانیہ نشتر نے کہا ہے کہ غریبوں اور محتاجوں کو کھانا کھلانا موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہے، حکومت کا عزم ہے کہ پورے ملک میں لنگر خانے بنائے جائیںگے، نجی شعبہ کے تعاون سے لنگر خانے چلائیں گے، احساس پروگرام کے تحت سیلانی ٹرسٹ کے تعاون سے لنگر خانے کا آغاز کیا گیا ہے، ملک بھر میں بے گھر افراد کے لئے پناہ گاہیں تعمیر کی گئی ہیں، آئندہ ایک سال کے دوران 500 آئی ٹی ہاﺅسز کا آغاز کریں گے، احساس پروگرام کے تحت بلا سود قرضوں، معذوروں کے لئے احساس کارڈ، انڈر گریجوایٹ پالیسی، احساس ایپ، خواتین کی فلاح کے لئے بھی سکیمیں شروع کی جائیں گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس پروگرام کے تحت کمزور اور غریب طبقے کی فلاح و بہبود کے لئے مو¿ثر طریقے سے کام کیا جا رہاہے ۔ معاشرے کے غریب اور بے بس افراد کی فلاح و بہبود وزیراعظم کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ احساس پروگرام کے تحت 130 پالیسیز اور پروگرام شروع کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اکیلے یہ کام نہیں کر سکتی۔ اس میں نجی شعبہ کوبھی شامل کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد جی نائن میں سیلانی ٹرسٹ کے تعاون سے لنگر خانے کا افتتاح ہوا ہے جہاں 600 افراد کو 2 وقت کا کھانا میسر آسکے گا۔ حکومت کا عزم ہے کہ پورے ملک میں 112 لنگر خانے کھولے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کے احساس پروگرام کے لئے 190 ارب کا بجٹ دیا ہے جس میں وسعت لانے کے لئے بھی کام کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے مخیرحضرات احساس پروگرام میں مختلف طریقے سے شامل ہونا چاہتے ہیں۔ اس کے لئے بھی پالیسی بنا رہے ہیں کہ وہ مخیر حضرات کو اس پروگرام میں شامل کرکے کیسے غریب طبقے کی فلاح و بہبود کے لئے مزید کام کیا جائے۔