اسلام آباد۔20مارچ (اے پی پی):ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ وزیر اعظم محمد شہباز شریف کے سعودی عرب کے دورے کا مقصد دو طرفہ تعلقات کو مضبوط بنانا، اقتصادی تعاون کو بڑھانا اور دونوں ممالک کے درمیان سرمایہ کاری کو فروغ دینا ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ شفقت علی خان نے جمعرات کو یہاں پریس بریفنگ میں کہا کہ وزیر اعظم محمد شہباز شریف اس وقت سعودی عرب کے سرکاری دورے پر ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے سعودی ولی عہد اور وزیراعظم محمد بن سلمان سے ملاقات کی ہے، دونوں رہنماؤں نے تجارت، سرمایہ کاری، توانائی اور سلامتی کے شعبوں میں پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے طریقوں پر نتیجہ خیز تبادلہ خیال کیا۔ ترجمان نے کہا کہ وزیراعظم نے سعودی عرب کی جانب سے پاکستان کے لیے مسلسل حمایت پر سعودی ولی عہد کا شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کا دورہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان گہرے تاریخی تعلقات کو اجاگر کرتا ہے اور یہ دورہ باہمی افہام و تفہیم میں اضافے، تجارت، سرمایہ کاری میں تعاون بڑھانے اور دوطرفہ، علاقائی اور عالمی معاملات پر زیادہ سفارتی رابطہ کاری کی راہ ہموار کرے گا۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=574602