وزیر اعظم ہاﺅس کو دوسے تین سال میں ریسرچ یونیورسٹی میں تبدیل کر دیا جائے گا، شفقت محمود

62

اسلام آباد ۔ 14ستمبر (اے پی پی) وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے کہا ہے کہ وزیر اعظم ہاﺅس کو دوسے تین سال میں ریسرچ یونیورسٹی میں تبدیل کر دیا جائے گا، افسران کی بڑی بڑی رہائش گاہوں کا ڈیٹا بھی اکٹھا کیا جا رہا ہے۔ گزشتہ روز ایک نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ چاروں گورنر ہاﺅسز کو میوزیم میں تبدیل کردیا جائے گا اور ان پر معمولی ٹکٹ لگایا جائے گا تاکہ ان کے روز مرہ کے اخراجات پورے ہوسکیں۔ پنجاب کے گورنر چوہدری محمد سرور چنبھا ہاﺅس میں رہیں گے۔ شفقت محمود کا کہنا تھاکہ اس حوالے سے کمیٹیاں بنا دی گئی ہیں۔ یہ تمام کام ایک سو یا ایک سو 20 دن میں ہو جائیں گے لیکن وزیر اعظم ہاﺅس کا معاملہ مختلف ہے کیونکہ اس کو یونیورسٹی بنانے کیلئے اس میں کچھ تعمیرات کرنی پڑیں گی اور اس عمل میں دو سے تین سال لگ جائیں گے۔ اس پر آج سے ہی کام شروع ہوگیا ہے اور اس کو ایک پوری یونیورسٹی بنایاجائےگا۔ انہوں نے کہا کہ افسروں کی بڑی بڑی رہائشگاہوں کا ڈیٹا بھی اکٹھا کیا جا رہا ہے۔