وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کی زیر صدارت رزمک کیڈٹ کالج کے بورڈز آف گورنرز کا اجلاس ، مختلف امور پر بریفنگ دی گئی

129

پشاور۔ 17 دسمبر (اے پی پی):وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین خان گنڈاپور کی زیر صدارت رزمک کیڈٹ کالج کے بورڈز آف گورنرز اجلاس ہوا۔وزیر اعلی ہائوس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق اجلاس میں محکمہ تعلیم اور خزانہ کے اعلیٰ حکام کے علاوہ بورڈ کے دیگر ممبران اور متعلقہ افراد نے شرکت کی ۔اجلاس کو کالج کی کارکردگی، نصابی و غیر نصابی سرگرمیوں، انتظامی و مالی امور، مسائل اور معاملات پر بریفنگ دی گئی ۔

اجلاس میں کالج کے بڑھتے اخراجات پورے کرنے کے لئے فیسوں میں اضافے کی تجویز دی گئی تاہم وزیر اعلیٰ نے تجویز سے عدم اتفاق کرتے ہوئے فیسوں کی مد میں کالج کا خسارہ صوبائی حکومت کی طرف سے ادا کرنے کا فیصلہ کیا

۔وزیر اعلی خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کا کہنا ہے کہ موجودہ صورتحال میں والدین پر مزید مالی بوجھ نہیں ڈال سکتے۔اجلاس میں کالج کے انتظامی عملے کی اپگریڈیشن کی اصولی منظوری دے کر مشیر خزانہ کی سربراہی میں کمیٹی بنا دی گئی جو اپگریڈیشن کی جزئیات طے کرے گی۔

اجلاس میں کالج کے بورڈ آف گورنرز کے لئے تین نان آفیشل ممبرز کی تقرری کی منظوری دی گئی ۔وزیر اعلیٰ کا رزمک کیڈٹ کالج کو سولر سسٹم ، تین کوسٹر گاڑیاں اور ایک ایمبولینس فراہم کرنے کا بھی فیصلہ کیا ۔اجلاس میں رزمک کیڈٹ کالج میں نئے آڈیٹوریم اور اپارٹمنٹس کی تعمیر کے منصوبے اگلے سالانہ ترقیاتی پروگرام میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا گیا جبکہ کالج کو درکار ضروری عملے کی تعیناتی کے لئے نئی آسامیاں تخلیق کرنے کی اصولی منظوری بھی دی گئی ۔