اسلام آباد۔1جون (اے پی پی):وزیر اعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہاہے کہ اپوزیشن کا حکومت پنجاب کا تختہ الٹنے کا خواب کبھی پورا نہیں ہوگا، مسلم لیگ (ن) دو گروپوں میں تقسیم ہوچکی ہے۔منگل کو نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جماعتیں اپنے اوپر بنے ہوئے بدعنوانی کے مقدمات اور ملکی ترتی کو روکنے کیلئے انتشار پھیلا رہی ہیں،
پنجاب حکومت کے خلاف سازشیں کرنے والوں کو دوبارہ مایوسی کا سامنا کرنا پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی حکومت عوامی مینڈیٹ لے کر آئی ہے جو اپنی آئینی مدت پوری کرے گی، پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) ذاتی مفادات کی خاطر گروپوں میں تقسیم ہو چکی ہے ، اب یہ لوگ ایک دوسرے سے خوفزدہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم سے پی نکل چکی ہے اور اب یہ ڈاکو موومنٹ بن گئی ہے،
مسلم لیگ (ن)میں دو دھڑے بن چکے ہیں ایک شہبازشریف اور دوسرا مریم نواز، چچا اور بھتیجی کا بیانیہ ایک دوسرے سے مختلف دونوں ایک صفحے پر نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی زیر قیادت پاکستان ترقی کی راہ پر گامزن ہے ، بدعنوان عناصر کے خلاف جدوجہد جاری رہے گی۔