راولپنڈی۔9جنوری (اے پی پی):وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے مری کے برفباری سے متاثرہ علاقوں کا فضائی معائنہ کیااور گھڑیال سمیت متاثرہ علاقوں کا3 گھنٹے طویل دورہ کیا اور متاثرہ علاقوں میں جاری ریلیف آپریشن کا جائزہ لیا۔اتوار کووزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے سانحہ مری کی اعلیٰ سطح کی انکوائری کرانے کابھی اعلان کیااورایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ پنجاب کی سربراہی میں کمیٹی 7روز میں رپورٹ پیش کرے گی اورمری میں جاں بحق ہونے والے افراد کے ورثا کے لئے ایک کروڑ 76لاکھ روپے مالی امداد کااعلان بھی کیا۔
وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے مری کو ضلع بنانے کی اصولی منظوری دے دی اور فوری طورپر ایس پی او رایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کی تعیناتی کی ہدایت بھی کی۔گھڑیال میں وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کے اجلاس میں ریلیف کمشنر/سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو اور دیگر نے ریسکیو و ریلیف آپریشن کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی اور مری میں پیش آنے والے افسوسناک واقعہ کے بارے میں رپورٹ پیش کی گئی۔
کمشنر راولپنڈی ڈویژن،سی پی او راولپنڈی او رڈپٹی کمشنر راولپنڈی،سی ٹی او راولپنڈی نے وزیراعلیٰ عثمان بزدار کوالمناک واقعہ کے مختلف پہلوؤں سے آگاہ کیا اور ٹریفک مینجمنٹ پلان کے بارے میں بریفنگ دی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اس موقع پر مری میں گنجائش سے زیادہ گاڑیوں کی آمد پر شدید برہمی کااظہار کیا۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے واضح کیاکہ انکوائری کمیٹی کی رپورٹ کی روشنی میں غفلت یا کوتاہی کے ذمہ دارو ں کے خلاف بلاامتیاز ایکشن لیا جائے گا۔
وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے جاں بحق افراد کے لواحقین کے لئے مالی امداد کااعلان کرتے ہوئے کہاکہ مالی امداد کسی غم کا مداوا نہیں لیکن ہم غمزدہ خاندانوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں ۔انہوں نے کہاکہ پنجاب حکومت کی تمام تر ہمدردیاں جاں بحق افراد کے لواحقین کے ساتھ ہیں اورحکومت سوگوار خاندانوں کوتنہا نہیں چھوڑے گی۔ افسوسناک واقعہ پر ہر پاکستانی کا دل دکھی ہے۔
وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہاکہ مری کو ضلع بنانے کا اصولی فیصلہ کیا ہے اوراس ضمن میں چیف سیکرٹری اورسینئر ممبربورڈ آف ریونیو سے تجاویز طلب کرلی ہیں ۔پنجاب حکومت نے مری میں آئندہ ایسے واقعات کو روکنے کیلئے سینئر افسران کو تعینات کرنے کافیصلہ کیاہے۔مری میں فوری طورپر ایس پی او رایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کے عہدو ں کے افسروں کو تعینات کیاجائے گا۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے مری میں 2نئے تھانوں کے قیام کی بھی منظوری دے دی۔
مری میں سیاحوں کے رش کو کنٹرول کرنے کیلئے سنی بینک اورجھیکا گلی میں 2پارکنگ پلازے بنائے جائیں گے۔ ان پارکنگ پلازوں سے شٹل سروس کے ذریعے سیاحوں کو مال روڈ تک لایا جائے گا۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ہدایت کی کہ آئندہ سے مری میں گاڑیوں اورسیاحوں کے داخلے کو کنٹرول کیاجائے گا۔مخصوص حد سے زیادہ گاڑیوں اور لوگوں کو مری میں داخلے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
وزیراعلیٰ نے مری جانے والی رابطہ سڑکو ں کی تعمیر کی منظوری بھی دی ہے جس سے مری آنے اورجانے والو ں کوآمدو رفت میں آسانی ہوگی۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے مزید ہدایت کی کہ مری میں غیر قانونی تعمیرات کے خلاف بلاامتیاز کارروائی عمل میں لائی جائے اور آئندہ ایسے افسوسناک واقعات کی روک تھام کے لئے شارٹ ٹرم اورلانگ ٹرم پلاننگ کی جائے گی اور ایس او پیز پر ازسرنو نظرثانی کریں گے۔
ریسکیو1122 کے عملے کو ٹریل بائیکس اور وائرلیس سیٹ دئیے جائیں گے۔وزیراعلیٰ عثمان بزدارنے مری میں اوورچارجنگ کرنے والے ہوٹلوں کے خلاف کارروائی کا حکم دیا ہے۔مری میں ہوٹلوں کے کرائے میں اوورچارجنگ قطعی طورپر قابل برداشت نہیں ۔
صوبائی وزیر قانون راجہ بشارت،ایم این اے صداقت عباسی،ایم پی ا ے لطاسب ستی،ترجمان حکومت پنجاب حسان خاور،چیف سیکرٹری،انسپکٹر جنرل پولیس،سینئر ممبر بورڈآف ریونیو،سیکرٹری تعمیرات و مواصلات،کمشنر راولپنڈی ڈویژن،آر پی او راولپنڈی، سی پی او راولپنڈی، ڈپٹی کمشنر راولپنڈی اورمتعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔