وزیر تجارت جام کمال خان کا دورہ بیلاز فیکٹری ،صنعتی شراکت داری کے مواقع بارے تبادلہ خیال کیا

91

اسلام آباد۔12فروری (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے تجارت جام کمال خان نے بیلاروس کے سرکاری دورے کے دوران بیلاز فیکٹری کا دورہ کیا اور صنعتی شراکت داری کے مواقع بارے تبادلہ خیال کیا ۔ بدھ کو وزارت کے جاری اعلامیے کے مطابق جام کمال خان نے بیلاز فیکٹری میں بھاری کان کنی اور تعمیراتی مشینری کی تیاری کے جدید عمل کا مشاہدہ کیا ۔ انہوں نے فیکٹری میں صنعتی شراکت داری کے مواقع پر تبادلہ خیال کیا اور پاکستان اور بیلاروس کے درمیان کان کنی اور بنیادی ڈھانچے کی ترقی میں تعاون پر بات چیت کی ۔

جام کمال خان نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کا تبادلہ صنعتی ترقی کے لیے ناگزیر ہے، پاکستان اور بیلاروس کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری کے نئے مواقع پیدا کیے جائیں گے۔ اس موقع پر دونوں ملکوں کے درمیان مشترکہ منصوبوں اور تکنیکی تعاون کے فروغ پر بھی اتفاق اور باہمی صنعتی جدیدیت کے فروغ کے لیے طویل مدتی شراکت داری بارے بات چیت کی گئی ۔