34.4 C
Islamabad
پیر, اپریل 21, 2025
ہومتازہ ترینوزیر تجارت جام کمال خان کی کمبوڈین وزیراعظم سمڈیچ ہن مانیٹ کے...

وزیر تجارت جام کمال خان کی کمبوڈین وزیراعظم سمڈیچ ہن مانیٹ کے ساتھ ملاقات ،دو طرفہ تعلقات مضبوط کرنے بارے تبادلہ خیال کیا

- Advertisement -

اسلام آباد۔21جنوری (اے پی پی):وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے کمبوڈین وزیراعظم سمڈیچ ہن مانیٹ سے اپنے تاریخی دورہ کمبوڈیا کے دوران پاکستانی وفد کی گرم جوشی سے میزبانی کرنے پر اظہار تشکر کیا۔ منگل کو یہاں جاری اعلامیہ کے مطابق یہ دورہ دوطرفہ تعلقات میں ایک اہم سنگ میل ثابت ہوا ہے جس میں تجارت، سرمایہ کاری اور سفارتی تعاون کو مضبوط کرنے پر توجہ دی گئی۔جام کمال خان نے پاکستان اور کمبوڈیا کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں تعاون کے بے پناہ امکانات کو اجاگر کیا۔

انہوں نے کاروباری تعلقات (بزنس ٹو بزنس) کو مضبوط کرنے کی ضرورت پر زور دیا جو مستحکم اقتصادی روابط کی بنیاد بن سکتے ہیں۔ وزیراعظم سمڈیچ ہن مانیٹ نے وزیر تجارت کے دورے کا خیرمقدم کیا اور پاکستان اور کمبوڈیا کے درمیان پہلے مشترکہ تجارتی کمیٹی اجلاس کے کامیاب اختتام پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے ٹیکسٹائل اور صحت کے شعبوں میں تعاون کے مواقع کو اجاگر کیا اور تجویز دی کہ ان شعبوں کو ابتدائی مرحلے میں ترجیح دی جائے۔وزیراعظم نے عالمی سطح پر تجارت اور سرمایہ کاری کے رجحانات میں ہونے والی تبدیلیوں کو تسلیم کرتے ہوئے ان مواقع کو بروئے کار لانے کی ضرورت پر زور دیا جو کمپنیاں نئے علاقوں میں منتقل ہونے کے دوران پیدا کرتی ہیں۔ انہوں نے پاکستان کے ساتھ دفاعی تعاون کو مزید فروغ دینے میں کمبوڈیا کی دلچسپی کو بھی اجاگر کیا۔

- Advertisement -

انہوں نے اس بات کی بھی یقین دہانی کرائی کہ اسلام آباد میں کمبوڈین رہائشی مشن کے قیام کا عمل جاری ہے جو دو طرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے اور عوامی سطح پر رابطے بڑھانے میں مددگار ہوگا۔یہ تاریخی ملاقات پاکستان اور کمبوڈیا کی جانب سے مشترکہ مفادات کو آگے بڑھانے اور تعاون کے نئے راستے تلاش کرنے کے عزم کی عکاسی کرتی ہے۔ دونوں رہنمائوں نے تجارت، سرمایہ کاری اور دیگر اہم شعبوں میں شراکت کو گہرا کرنے اور ان دیکھے مواقع کو بروئے کار لانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=549161

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں