وزیر تجارت سید نوید قمر سے یورپی یونین پارلیمنٹ کے نائب صدر اور یورپی کمشنر برائے کرائسز مینجمنٹ کی ملاقات

389
وزیر تجارت سید نوید قمر سے یورپی یونین پارلیمنٹ کے نائب صدر اور یورپی کمشنر برائے کرائسز مینجمنٹ کی ملاقات

اسلام آباد۔25اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیر تجارت سید نوید قمر سے یورپی یونین پارلیمنٹ کے نائب صدر اور یورپی کمشنر برائے کرائسز مینجمنٹ نے ملاقات کی ۔ منگل کو برسلز میں یورپین پارلیمنٹ کی نائب صدر ممبر یورپی پارلیمنٹ ہیڈی ہوٹالا سے ملاقات میں یورپی یونین میں پاکستان کے سفیر ڈاکٹر اسد مجید خان اور دیگر حکام بھی موجود تھے۔

وزارت تجارت کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان کے مطابق یورپی یونین پارلیمنٹ کی نائب صدر ہیڈی ہوٹالاکو وزیر تجارت نے پاکستان میں آب و ہوا سے پیدا ہونے والی تباہی کے بارے میں آگاہ کیا جس کی وجہ سے بے مثال جانوں کا نقصان ہوا ہے اور بنیادی ڈھانچے کو تباہی کا سامنا کرنا پڑا ۔

سید نوید قمر نے کہا کہ سیلاب سے ملک کا ایک تہائی حصہ ڈوب چکا ہے جس سے 33 ملین افراد متاثر ہوئے ہیں اور 643 بچوں سمیت 1725 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس تباہی سے 40 ارب ڈالر سے زیادہ کا معاشی نقصان ہوا ہے اور اس نے ملک کے ترقیاتی ایجنڈے کو سالوں پیچھے دھکیل دیا ہے۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان عالمی گرین ہاؤس گیسوں میں 1 فیصد سے بھی کم حصہ ڈالنے کے باوجود موسمیاتی بحران کی زد میں ہے ۔

انہوں نے وضاحت کی کہ ملک شدید موسمی واقعات کا شکار رہا ہے اور خشک سالی، جنگلات کی آگ، شدید اور طویل گرمی کی لہروں کے ساتھ ساتھ غیر معمولی اور طویل مون سون بارشوں کا بھی سامنا رہا ہے جس کے نتیجے میں تباہ کن سیلاب آئے۔ انہوں نے پاکستان میں موسمیاتی تباہی سے ہونے والی تباہی کے بعد یورپی یونین اور اس کے رکن ممالک کی طرف سے یکجہتی اور حمایت کے زبردست اظہار پر بھی شکریہ ادا کیا۔

یورپی کمشنر برائے کرائسز منیجمنٹ جینز لینارک کے ساتھ بات چیت میں وزیر تجارت نے اس ماہ کے شروع میں پاکستان میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے دورے پر ان کا شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے یورپی یونین اور اس کے رکن ممالک کی جانب سے 133 ملین یورو کی اجتماعی طور پر سب سے بڑی انسانی امداد فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ سول پروٹیکشن میکنزم کو فعال کرنے اور پاکستان میں تباہ کن سیلاب کے بعد کوپرنیکس ایمرجنسی سیٹلائٹ سروس کی فراہمی پر بھی تعریف کی۔

آخر میں وفاقی وزیر تجارت سید نوید قمر نے یورپی پارلیمنٹ کے کئی اہم ممبران کے ساتھ الگ الگ ملاقاتیں کیں۔ملاقاتوں کے دوران انہوں نے اراکین پارلیمنٹ کے ساتھ پاکستان اور یورپی یونین کے تجارتی اور سرمایہ کاری کے تعلقات سمیت وسیع تر امور پر تبادلہ خیال کیا۔یورپی پارلیمنٹ کے اراکین نے یورپی یونین کے ساتھ پاکستان کے تعلقات پر بریفنگ دینے پر وزیر تجارت کا شکریہ ادا کیا اور پاکستان کے ساتھ پارلیمانی تبادلوں کو بڑھانے پر اتفاق کیا۔