وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری سے پاکستان میں ایتھوپیا کے پہلے ریذیڈنٹ سفیر جمال باکر عبداللہ کی ملاقات

اسلام آباد۔24نومبر (اے پی پی):وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری سے پاکستان میں ایتھوپیا کے پہلے ریذیڈنٹ سفیر جمال باکر عبداللہ نے ملاقات کی ہے۔وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے ایتھوپیا کو پاکستان میں اپنا سفارت خانہ کھولنے پر خوش آمدید کہا۔

جمعرات کو وزارت خارجہ سے جاری بیان کے مطابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستان اور ایتھوپیا کے درمیان سفارتی تعلقات کی تجدید خوش آئند ہے۔ وزیر خارجہ نے پاکستان کی قومی ایئر لائن پی آئی اے اور ایتھوپیا کی ایئر لائن کے اشتراک سے براہ راست پروازوں کے آغاز کا خیرمقدم کیا۔

ایتھوپیا کے سفیر نے سفارت خانہ کھولنے میں تعاون کی فراہمی پر حکومت پاکستان بالخصوص وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کا شکریہ ادا کیا۔انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو کے نانا ذوالفقار علی بھٹو کے دور میں ایتھوپیا میں پاکستان کا سفارتخانہ کھلا تھا اور آج وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کے دور میں ایتھوپیا نے پاکستان میں اپنا سفارتخانہ کھولا۔