وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کی آسیان ریجینل فورم کے وزارتی اجلاس کے موقع پر یورپی یونین کے اعلی نمائندہ سے ملاقات

اسلام آباد۔5اگست (اے پی پی):وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کمبوڈیا میں جاری آسیان ریجینل فورم کے وزارتی اجلاس کے موقع پر یورپی یونین کے اعلی نمائندہ جوزف بوریل سے ملاقات کی۔ دفتر خارجہ کی جانب سے جمعہ کو جاری بیان کے مطابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری اور اعلیٰ نمائندے کے مابین پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان دوطرفہ اور علاقائی تعاون کے امور پر تبادلہ خیال ہوا۔ دونوں رہنماؤں نے باقاعدہ تبادلوں اورمفید باہمی تعاون کی اہمیت پر اتفاق کیا۔

وزیر خارجہ نے دوطرفہ تجارت پر جی ایس پی پلس کے اثرات کو سراہا۔ انہوں نے پاکستان میں ترقیاتی منصوبوں کے لیے یورپی یونین کی حمایت کرتے ہوئے پولیٹکل ڈائیلاگ کے ساتھ ساتھ پاک یورپی یونین اسٹریٹجک ڈائیلاگ کے جلد از جلد انعقاد کی اہمیت پر زور دیا۔ دونوں رہنمائوں نے افغانستان کی تازہ ترین صورتحال اور سیاسی منظر نامہ میں پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا۔

وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے افغانستان میں انسانی اور معاشی بحران کو روکنے کے لیے مسلسل رابطے اور بات چیت کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے اعلیٰ نمائندے کو انسانی امداد کی فراہمی کے لیے پاکستان کی کوششوں سے بھی آگاہ کیا۔ وزیر خارجہ اور یورپی یونین کے اعلیٰ نمائندے نے افغانستان کی صورتحال پر قریبی رابطہ کاری اور خطے میں امن و استحکام کے لیے مل کر کام جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔