اسلام آباد/واشنگٹن۔29ستمبر (اے پی پی): وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے امریکی سینیٹ کی خارجہ تعلقات کمیٹی کے چیئرمین سینیٹر رابرٹ مینینڈیز سے واشنگٹن میں ملاقات کی۔ جمعرات کو دفتر خارجہ کے مطابق انہوں نے سیلاب سے ہونے والی تباہی کی شدت سے نمٹنے کے لیے امریکا کی امداد کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو دیرپا اور طویل مدتی تعاون کی ضرورت ہے۔
وزیر خارجہ نے چیئرمین مینینڈیز کو سیلاب سے ہونے والی تباہی کے اثرات سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ سیلاب کی تباہ کاریوں کے ساتھ ساتھ یہ انسانی صحت، خوراک کی حفاظت اور اقتصادی جہتوں کا ایک پیچیدہ بحران ہے۔ انہوں نے امریکی سینیٹ کی خارجہ تعلقات کمیٹی کے چیئرمین پر زور دیا کہ وہ امریکی کانگریس میں حمایت کو متحرک کریں، جو تاریخی طور پر اس طرح کی قدرتی آفات کے دوران پاکستانی عوام کے ساتھ کھڑی رہی ہے۔
سینیٹ کی خارجہ تعلقات کمیٹی کے چیئرمین نے سیلاب سے ہونے والی تباہی پر پاکستان کے عوام اور حکومت سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا۔ انہوں نے پاکستان کو اس چیلنج پر قابو پانے کے قابل بنانے میں اپنے تعاون کا یقین دلایا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور امریکہ کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کی 75ویں سالگرہ ایک اہم سنگ میل ہے، دونوں ممالک نے مل کر کام کر کے بہت کچھ حاصل کیا ہے۔
سینیٹر رابرٹ مینینڈیز نے پاکستان امریکہ تعلقات کو مضبوط بنانے میں پاکستانی تارکین وطن کے کردار کی تعریف کی۔ ملاقات میں افغانستان سمیت خطے میں امن و استحکام، مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم اور 5 اگست 2019 کے غیر قانونی اقدامات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔