وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے جنوبی پنجاب صوبے کے قیام کیلئے آئینی ترمیمی بل سپیکر قومی اسمبلی کو پیش کر دیا

94
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے جنوبی پنجاب صوبے کے قیام کیلئے آئینی ترمیمی بل سپیکر قومی اسمبلی کو پیش کر دیا

اسلام آباد۔25مارچ (اے پی پی):وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے جنوبی پنجاب صوبے کے قیام کیلئے آئینی ترمیمی بل سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کو پیش کر دیا۔ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری بھی اس موقع پر موجود تھے۔

وزیر خارجہ نے سپیکر قومی اسمبلی کو درخواست کی کہ اس بل کو سوموار کو منعقد ہونے والے قومی اسمبلی کے اجلاس کے ایجنڈے میں شامل کیا جائے۔سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے وزیر خارجہ کی درخواست پر اس جنوبی پنجاب آئینی ترمیمی بل کو سوموار کو منعقد ہونے والے اجلاس کے ایجنڈے میں شامل کرنے کا حکم دے دیا۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ جنوبی پنجاب صوبہ کا قیام پاکستان تحریک انصاف کے منشور کا حصہ ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے میلسی کے عوامی رابطہ جلسے میں جنوبی پنجاب آئینی ترمیمی بل پارلیمنٹ میں لانے کا اعلان کیا،

وزیر اعظم عمران خان کی ہدایت پر میں نے آئینی ترمیمی بل، وزارت قانون کی منظوری کے بعد سپیکر قومی اسمبلی کی خدمت میں پیش کر دیا ہے۔آج وزیر اعظم عمران خان اور پاکستان تحریک انصاف نے جنوبی پنجاب کی عوام سے کیا ہوا ایک اور وعدہ پورا کر دیا ہے۔