جدہ۔8مئی (اے پی پی):وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے سعودی عرب کے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان آل سعود سے ملاقات کی۔وزیر اعظم عمران خان کے دورہ سعودی عرب کے موقع پر ہونے والی ملاقات میں دو طرفہ تعلقات ،مختلف شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون کے فروغ سمیت باہمی دلچسپی کے اہم علاقائی و عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا ۔ وزیر خارجہ قریشی اس وقت سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی دعوت پر وزیر اعظم عمران خان کے سعودی عرب کے تین روزہ دورے کے دوران وزیر اعظم کے ہمراہ ہیں۔
وزیر خارجہ نے دونوں ممالک کے مابین خوشگوار تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کی اپنی باہمی خواہش کا اعادہ کیا۔ دونوں وزرائے خارجہ نے مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے باہمی تعلقات کے تمام پہلوئوںکا جائزہ لیا۔ انہوں نے موجودہ تعلقات میں مزید مستحکم بنانےکے طریقوں پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ اس ملاقات کے دوران ، پاکستان اور سعودی عرب کے وزرائے خارجہ نے دو طرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کیلئے، تجارت، سرمایہ کاری، انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ، توانائی، سیاحت اور افرادی قوت سمیت باہمی دلچسپی کے شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔
وزرائے خارجہ نے وزیر اعظم عمران خان کے حالیہ دورے کے دوران طے پانے والے سعودی پاکستان سپریم کوآرڈینیشن کونسل معاہدے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے اسے نتیجہ خیز بنانے اور دو طرفہ تعلقات کے استحکام کیلئے بروئے کار لانے کے عزم کا اظہار کیا۔ کونسل کی سربراہی وزیر اعظم عمران خان اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلطان مشترکہ طور پر کریں گے۔ سعودی پاکستان سپریم کوآرڈینیشن کونسل کادائرہ کار تین بنیادی پہلوئوں پر مشتمل ہو گا جس میں سیاسی،سیکورٹی ، اقتصادی اور تہذیبی، پہلو شامل ہیں۔کونسل کے سیاسی سیکورٹی امور کی قیادت دونوں وزرائے خارجہ کریں گے۔دونوں ممالک کی وزارتِ خارجہ اس ضمن میں” فوکل پوائنٹس” کا کردار ادا کریں گی۔
شاہ محمود قریشی نے سعودی ہم منصب کو مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اور افغانستان میں قیام امن کیلئے پاکستان کی مصالحانہ کاوشوں سے آگاہ کیا۔ وزیر خارجہ نے دو طرفہ معاونت اور بین الاقوامی سطح پر تعاون کو سراہتے ہوئے سعودی وزیر خارجہ کا شکریہ ادا کیا۔