وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی نجی ٹی وی چینلز سے گفتگو

124
profile pic

اسلام آباد ۔ 5 اگست (اے پی پی) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کے بھارتی غیر آئینی اقدام کے بعد پاکستان امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے رجوع کرنے پر غور کر رہا ہے۔ انہوں نے پیر کو نجی ٹیلی ویژن چینل سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان باہمی مذاکرات سے تنازعہ کشمیر کو حل کرنا چاہتا ہے تاہم بھارت نے یہ مسئلہ مزید پیچیدہ کر دیا ہے۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ڈاکٹر ملیحہ لودھی کو خصوصی طور پر ہدایت کی گئی ہے کہ وہ امریکی حکام کے ساتھ ملاقاتیں کر کے انہیں پاکستان کے ردعمل سے آگاہ کریں۔ شاہ محمود قریشی نے بھارتی اقدام کو لغو اور فضول قرار دیتے ہوئے کہا کہ جموں و کشمیر کی آئینی حیثیت کی تبدیلی سے نہ تو تنازعہ کو حل کرنے اور نہ ہی کشمیریوں کے حق خوداردیت کو ختم کرنے میں کوئی مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کے اس اقدام سے بھارتیوں کا مقبوضہ کشمیر کی مسلمان آبادی سے بغض بے نقاب ہو گیا ہے۔ انہوں نے مسلم امہ سے اپیل کی کہ وہ اس صورتحال کا نوٹس لیں۔