وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کیلئے نیویارک روانہ ہو گئے

117

اسلام آباد۔20ستمبر (اے پی پی):وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے چھہترویں اجلاس میں شرکت کیلئے پیر کو نیویارک روانہ ہو گئے،جبکہ وزیر اعظم عمران خان اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس سے بذریعہ ویڈیو لنک خطاب کریں گے۔

وزیر خارجہ نیویارک میں منعقدہ چھہترویں اقوام متحدہ جنرل اسمبلی اجلاس کے موقع پر مختلف ممالک کے وزرائے خارجہ، اقوام متحدہ کے اعلیٰ عہدیداران سمیت اہم شخصیات سے ملاقاتیں اور نیویارک میں کونسل آن فارن ریلیشنز سمیت متعدد فورمز میں شرکت اور اظہار خیال کریں گے۔

وزیر خارجہ نیویارک میں قیام کے دوران پاکستانی امریکن کمیونٹی سے ملاقات کریں گے وہ مقامی و بین الاقوامی میڈیا نمائندگان سے گفتگو کریں گے اور مختلف علاقائی و عالمی امور پر پاکستان کے نقطہ نظر سے آگاہ کریں گے۔