وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے افغانستان کے لیے امریکی نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد کی ملاقات

112

اسلام آباد۔21ستمبر (اے پی پی):وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے افغانستان کے لیے امریکی نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد نے منگل کو نیویارک میں جاری اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے 76ویں اجلاس کے موقع پر ملاقات کی۔دفتر خارجہ کے مطابق ملاقات کے دوران افغانستان کی بدلتی ہوئی صورتحال پر تبادلہ ءخیال کیا گیا۔ دونوں رہنماؤں نے افغانستان میں قیام امن کیلئے اجتماعیت کے حامل، سیاسی تصفیے کی ضرورت پر زور دیا۔

وزیر خارجہ نے افغانستان میں قیام امن کیلئے زلمے خلیل زاد کی کاوشوں کی تعریف کی اور کہا کہ پاکستان، شروع سے یہی کہتا آ رہا تھا کہ افغان مسئلے کا کوئی فوجی حل نہیں ہے۔وزیر خارجہ نے افغانستان میں وسیع البنیاد اور جامع حکومت کے قیام کیلئے پاکستان کی معاونت کے تسلسل کا اعادہ کیا۔انہوں نے کہا کہ ہمیں افغانستان میں پنپتے ہوئے انسانی بحران پر گہری تشویش ہے،عالمی برادری کو اس نازک تاریخی موڑ پر افغانوں کو انسانی بحران کے خطرے سے بچانے کیلئے موثر اقدام اٹھانے اور افغانوں کی معاونت کو یقینی بنانے کی ضرورت ہے۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ افغانستان میں عدم استحکام،خطے میں نقص امن اور مہاجرین کی یلغار کے خطرے کو پھر سے جنم دے سکتا ہے۔دونوں رہنماؤں نے افغانستان میں قیام امن اور اجتماعیت کے حامل سیاسی تصفیے کیلئے مشترکہ کوششیں بروئے کار لانے پر اتفاق کیا۔