وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے او آئی سی وزراء خارجہ کونسل کے اڑتالیسویں اجلاس کے موقع پر سعودی عرب، قزاخستان، ترکمانستان اور گیمبیا کے ہم منصبوں کی ملاقاتیں

61

اسلام آباد۔22مارچ (اے پی پی):او آئی سی وزراء خارجہ کونسل کے اڑتالیسویں اجلاس کے موقع پر وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے سعودی عرب، قزاخستان، ترکمانستان اور گیمبیا کے ان کے ہم منصبوں نے ملاقات کی۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق شاہ محمود قریشی اور ان کے سعودی ہم منصب شہزادہ فیصل بن فرحان آل سعود کے مابین ملاقات میں پاکستان میں تعینات سعودی عرب کے سفیر نواف سعید المالکی بھی موجود تھے۔

ملاقات کے دوران دوطرفہ تعلقات، کثیرالجہتی شعبہ جات میں دوطرفہ تعاون کے فروغ سمیت باہمی دلچسپی کے اہم علاقائی و عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان سعودی عرب کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی حمایت کرتا ہے، اہم مسلم مقاصد، خاص طور پر کشمیر، فلسطین اور افغانستان کیلئے سعودی عرب کی گہری وابستگی قابل تحسین ہے، پاکستان ریاض میں ورلڈ ایکسپو 2030 کی میزبانی کیلئے برادر مملکت سعودی عرب کی امیدواری کا خیرمقدم کرتا ہے۔

وزیر خارجہ نے بین الاقوامی سطح پر درپیش نئے چیلنجز سے نمٹنے کیلئے پاکستان اور سعودی عرب کے مابین قریبی اور گہرے تعاون کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ پاکستان امن کاوشوں میں شراکت داری کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہے۔ وزیر خارجہ نے قزاخستان کے وزیر خارجہ مختار تلیبردی سے ملاقات میں او آئی سی وزراء خارجہ کونسل کے اڑتالیسویں اجلاس میں شرکت پر قزاخ ہم منصب کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ آپ کے اس دورہ سے پاکستان اور قزاخستان کے درمیان دوطرفہ تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔

دونوں وزراء خارجہ نے تجارت، معیشت، روابط کے فروغ، سلامتی اور دفاع کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون کا جائزہ لیا اور دوطرفہ تعلقات کی موجودہ نوعیت پر اطمینان کا اظہار کیا۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان اور قزاخستان کے درمیان زراعت، انفارمیشن ٹیکنالوجی سمیت باہمی دلچسپی کے مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کے فروغ کے وسیع مواقع موجود ہیں۔

دونوں وزراء خارجہ نے پاکستان اور قزاخستان کے درمیان عوامی روابط کے فروغ کیلئے ڈائریکٹ فلائیٹس کے اجراء پر اتفاق کیا۔ گیمبیا کے وزیر خارجہ ڈاکٹر مامدو تنگارا سے ملاقات کے دوران دوطرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے اہم علاقائی و عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان اور گیمبیا کے درمیان کثیرالجہتی فورمز پر بہترین تعاون دوطرفہ تعلقات کے استحکام کا مظہر ہے۔ گیمبیا کے وزیر خارجہ نے گیمبیا کے صدر کی جانب سے وزیراعظم عمران خان کیلئے نیک خواہشات کا پیغام پہنچایا۔ دونوں وزراء خارجہ نے دوطرفہ سیاسی مشاورت، ویزے کے خاتمے کے معاہدے اور دفاع کے شعبے میں تکنیکی معاونت کو آگے بڑھانے کیلئے مفاہمت نامے پر آمادگی کا اظہار کیا۔

جون 2022 میں گیمبیا میں متوقع پندرہویں او آئی سی سربراہی اجلاس کیلئے مکمل حمایت کا اظہار کرتے ہوئے گیمبیا کی قیادت اور عوام کیلئے اپنی نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ ترکمانستان کے وزیر خارجہ راشد میریدوف کے ساتھ ملاقات میں دوطرفہ تعلقات، مختلف شعبہ جات میں دوطرفہ تعاون کے فروغ سمیت باہمی دلچسپی کے اہم علاقائی و عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیر خارجہ نے حال ہی میں ہونے والے صدارتی انتخابات میں ترکمانستان کے نئے صدر کے طور پر سردار بردی محمدوف کے انتخاب پر اپنے ہم منصب کو مبارکباد دی۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان وژن سینٹرل ایشیا کے تحت ترکمانستان سمیت تمام وسط ایشیائی ریاستوں کے ساتھ روابط کو بڑھانے کا متمنی ہے۔

دونوں وزراء خارجہ نے باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں بشمول تجارت، ثقافت، تعلیم، سلامتی، دفاع اور سیاحت کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو متنوع بنانے پر اتفاق کیا۔ وزیر خارجہ نے تاپی گیس پائپ لائن میگا پراجیکٹ کیلئے پاکستان کی حمایت کا اعادہ کیا۔

دونوں وزراء خارجہ نے افغانستان میں پائیدار امن اور استحکام کیلئے بین الاقوامی برادری کی مسلسل مشغولیت کی اہمیت پر زور دیا اور اقوام متحدہ، او آئی سی، ای سی او اور ایس سی او سمیت علاقائی اور بین الاقوامی فورمز پر تعاون پر تبادلہ خیال کیا اور انہیں مزید مستحکم بنانے کیلئے مشترکہ کاوشیں بروئے کار لانے پر اتفاق کیا۔