وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کا انقرہ میں پاکستانی سفارتخانہ کا دورہ

55

اسلام آباد۔18مئی (اے پی پی):وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان کے معاشی استحکام اور ملک میں سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے ہمیں اقتصادی سفارت کاری پر توجہ مرکوز کرنا ہو گی۔یہ بات انہوں نے منگل کو انقرہ (ترکی) میں پاکستانی سفارتخانے کے دورہ کے موقع پر کہی۔ترکی میں تعینات پاکستانی سفیر سائیرس قاضی اور سفارتخانے کے عملے نے وزیر خارجہ کا خیر مقدم کیا۔ وزیر خارجہ نے قونصلر سیکشن سمیت سفارتخانے کے مختلف حصوں کا معائنہ کیا۔ترکی میں تعینات پاکستانی سفیر سائیرس قاضی نے سفارت خانے کی کارکردگی کے حوالے سے وزیر خارجہ کو مفصل بریفنگ دی۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی کمیونٹی کی فلاح و بہبود اور ان کو درپیش مسائل کا ترجیحی بنیادوں پر حل ہماری ذمہ داری ہے۔وزیر اعظم عمران خان کے وژن کے مطابق، سفارت خانوں پر بہترین قونصلر سروسز کی فراہمی کو یقینی بنانا ہماری اہم ترجیحات میں شامل ہے۔وزیر خارجہ نے سفارتخانے کے افسران سے اپنے خطاب میں کہا کہ موجودہ دور میں ہمیں سفارتی محاذ پر بہت سے چیلنجز کا سامنا ہے، ان چیلنجز سے نمٹنے کیلئے ہمیں مزید محنت اور لگن سے کام کرنا ہوگا۔پاکستان کے معاشی استحکام اور ملک میں سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے ہمیں اقتصادی سفارت کاری پر توجہ مرکوز کرنا ہو گی۔

وزیر خارجہ نے سفارت خانے میں مقامی و بین الاقوامی میڈیا نمائندگان کے ساتھ گفتگو کی اور فلسطین کی صورتحال سمیت اہم علاقائی و عالمی امور پر پاکستان کا نکتہ نظر پیش کیا۔وزیر خارجہ نے سفارت خانے میں "ویزیٹرز بک” میں اپنے تاثرات بھی قلمبند کئے۔