
ملتان۔یکم دسمبر(اے پی پی) وزیرخارجہ پاکستان مخدوم شاہ محمو دقریشی نے کہاہے کہ گورنمنٹ ایمرسن کالج بوسن روڈ ملتان ایک تاریخی درس گاہ ہے جس کوقائم ہوئے تقریباً 95 سال ہوگئے ہیں، یہاں سے بڑے بڑے نامورلوگوںنے تعلیم حاصل کی جن میںادیب، شاعر، ماہرین تعلیم ، سائنسدان، ڈاکٹراوربڑے بڑے عہدوں پرفائز دیگرلوگ شامل ہیں، اس ادارے کاتحریک پاکستان میں بھی اہم کردار رہاہے۔ ان خیالات کااظہار انہوںنے1920ء میں قائم ہونے والے ملتان کے قدیم تعلیمی ادارے ایمرسن کالج میں سابق طلباء کی تنظیم ایمرسونین کی جنرل کونسل کے پانچویں سالانہ اجلاس سے خطاب کے دوران کیا۔ انہوںنے کہاکہ سابق چیف جسٹس تصدق حسین جیلانی جیسے نامور لوگ بھی اس ادارے سے منسلک رہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزداربھی اس ادارے کے طالب علم رہے ہیں۔