وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کا ملائیشیا اور انڈونیشیا کے ہم منصبوں کے ساتھ ٹیلیفونک رابطہ

وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کا ملائیشیا اور انڈونیشیا کے ہم منصبوں کے ساتھ ٹیلیفونک رابطہ

اسلام آباد۔15مارچ (اے پی پی):وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے منگل کو ملائیشیا اور انڈونیشیا کے اپنے ہم منصبوں کے ساتھ ٹیلیفونک رابطہ کیا۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق دوران گفتگو دو طرفہ تعلقات اور کثیرالجہتی شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون کے فروغ سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ملائشین ہم منصب سیف الدین عبداللہ سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان اور ملائشیا کے مابین گہرے برادرانہ تعلقات ہیں۔اعلی سطحی روابط کے فروغ سے دونوں ممالک کے درمیان دو طرفہ تعلقات مزید مستحکم ہوئے ہیں۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بین الاقوامی فورمز پر پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان نقطہ نظر میں ہم آہنگی، دو طرفہ تعلقات کے استحکام کا مظہر ہے،۔وزیر خارجہ نے دونوں ممالک کے درمیان پارلیمانی روابط کے فروغ اور پارلیمانی وفود کے تبادلوں کی ضرورت پر زور دیا۔

وزیر خارجہ نے ملایشین ہم منصب کو اسلام آباد میں منعقدہ، او آئی سی وزراء خارجہ کونسل کے اڑتالیسویں اجلاس میں شرکت کی دعوت کا اعادہ کیا۔ جمہوریہ انڈونیشیا کی وزیر خارجہ ریٹنو مرسودی کیساتھ ٹیلی فونک رابطہ کے دوران دونوں وزراء خارجہ نے باہمی دلچسپی کے وسیع موضوعات پر تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے سیاسی، تجارتی اور اقتصادی معاملات کے ساتھ ساتھ اقوام متحدہ، آسیان،

او آئی سی اور دیگر کثیر الجہتی فورمز پر تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا۔دونوں وزراء خارجہ نے دوطرفہ اور کثیر جہتی، مشترکہ مفاد کے امور پر تعاون جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔ انڈونیشیا کی وزیر خارجہ نے وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کو انڈونیشیا کے دورے کی دعوت دی۔دعوت قبول کرتے ہوئے وزیر خارجہ نے باہمی طور پر مناسب تاریخ پر انڈونیشیا کا دورہ کرنے کا عندیہ دیا۔