وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کی وفاقی وزرا اسد عمر اور پرویز خٹک کے ہمراہ ایم کیو ایم کے وفد سے ملاقات 

91

اسلام آباد۔25مارچ (اے پی پی):وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر اور وزیر دفاع پرویز خٹک کے ہمراہ جمعہ کوایم کیو ایم کے وفد سے ملاقات کی۔وزیر اعظم عمران خان کی خصوصی ہدایت پر وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی تحریک عدم اعتماد ناکام بنانے کیلئے متحرک ہوگئے۔

اس سلسلے میں وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر اور وزیر دفاع پرویز خٹک کے ہمراہ ایم کیو ایم کے وفد سے اسلام آباد میں ملاقات کی۔ وزیر خارجہ نے وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے اہم پیغام ایم کیو ایم کے رہنماؤں کو پہنچایا۔وزیر خارجہ نے کہا کہ ملاقاتوں کا سلسلہ جاری رہے گا۔

ایم کیو ایم رہنماؤں میں وفاقی وزیر قانون و انصاف بیرسٹر فروغ نسیم ،وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی امین الحق،جاوید حنیف، صادق افتخار شامل تھے۔وزیر خارجہ نے کہا کہ خیر سگالی کا پیغام لے کر ایم کیو ایم پاکستان کے پاس گئے تھے،پیغام تھا آپ ہمارے دوست ہیں ساتھ چلتے رہیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم وفد کیساتھ خوشگوار ماحول میں بات ہوئی،ہماری ایم کیو ایم سے ملاقات مثبت اور مفید رہی۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ وفد میرا پیغام ایم کیو ایم پاکستان قیادت تک پہنچائے گا۔ایم کیو ایم وفد نے واضح طور پرکہا کہ پی پی کیساتھ کوئی معاہدہ نہیں ہوا۔ایم کیوایم وفد نے واضح کہا کہ پیپلز پارٹی غلط بیانی کر رہی ہے۔