وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کی زیرصدارت آبی سفارت کاری کے حوالے سے ماہرین کے ورکنگ گروپ کا اجلاس

108
وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کی زیرصدارت آبی سفارت کاری کے حوالے سے ماہرین کے ورکنگ گروپ کا اجلاس

اسلام آباد۔3فروری (اے پی پی):وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ہمیں آبی وسائل کے حوالے سے درپیش چیلنجز سے نمٹنے کیلئے علاقائی، جغرافیائی، سیاسی، اقتصادی اور ماحولیاتی عوامل کو پیش نظر رکھتے ہوئے موثر اقدامات اٹھانا ہوں گے۔

انہوں نے یہ بات جمعرات کو آبی سفارت کاری کے حوالے سے ماہرین کے ورکنگ گروپ کے پہلے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ انڈس واٹر کمشنر مہر علی شاہ،ماہر آبی امور شرمین طارق، توانائی، پانی اور پائیداری پروگرام کی ریسرچ اینالسٹ فروا عامر اور وزارت خارجہ کے سینئر افسران نے اجلاس میں شرکت کی۔

ورکنگ گروپ کا اجلاس آبی سفارت کاری سے متعلقہ چیلنجز اور ان سے نمٹنے کیلئے موثر لائحہ عمل مرتب کرنے کے حوالے سے غور و خوض کیلئے منعقد کیا گیا۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان کا شمار ان ممالک میں ہوتا ہے جو پانی کی شدید قلت کا شکار ہیں، زرعی ملک ہونے کے ناطے ہماری زرعی معیشت کیلئے آبی وسائل کی دستیابی انتہائی اہمیت کی حامل ہے۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہمیں آبی وسائل کے حوالے سے درپیش چیلنجز سے نمٹنے کیلئے علاقائی، جغرافیائی سیاسی، اقتصادی اور ماحولیاتی عوامل کو پیش نظر رکھتے ہوئے موثر اقدامات اٹھانا ہوں گے۔