وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی زیر صدارت کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس، 3ہوائی اڈوں کی آؤٹ سورسنگ کے لئے لین دین کی منظوری

231

اسلام آباد۔30مارچ (اے پی پی):اقتصادی رابطہ کمیٹی نے 3ہوائی اڈوں کی آؤٹ سورسنگ کے لئے لین دین کی منظوری دیدی ۔ وفاقی وزیر خزانہ وریونیو سینیٹر محمد اسحاق ڈار کی زیر صدارت کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کا اجلاس جمعرات کو منعقد ہوا۔ وفاقی وزیر برائے بجلی خرم دستگیر خان، وفاقی وزیر صنعت و پیداوار سید مرتضیٰ محمود، وفاقی وزیر تجارت سید نوید قمر، وفاقی وزیر ہوا بازی خواجہ سعد رفیق، وزیر بورڈ آف انویسٹمنٹ چوہدری سالک حسین، وزیر مملکت برائے خزانہ اور ریونیو ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا، وزیر مملکت برائے پٹرولیم مصدق مسعود ملک، سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی ، وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے خزانہ طارق باجوہ، وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے ریونیو طارق محمود پاشا، وزیر اعظم کے کوآرڈینیٹربرائے معیشت بلال اظہر کیانی، وزیر اعظم کے کوآرڈینیٹر برائے تجارت و صنعت رانا احسان افضل، وفاقی سیکرٹریز اور دیگر اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔

ای سی سی نے تین ہوائی اڈوں کی آؤٹ سورسنگ کے لئے لین دین کے مشیر کے طور پر بین الاقوامی مالیاتی کارپوریشن کی شمولیت سے متعلق وزارت ہوا بازی کی سمری پر غور کیا۔ بتایا گیا کہ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ ایکٹ 2017 کے دائرہ کار میں تین ہوائی اڈوں کی آؤٹ سورسنگ شروع کی گئی ہے تاکہ پرائیویٹ سرمایہ کار/ایئرپورٹ آپریٹر کو ایک مسابقتی اور شفاف عمل کے ذریعے ہوائی اڈوں کو چلانے، زمینی اثاثوں کو تیار کرنے اور تجارتی سرگرمیوں کے لئے مواقع بڑھانے کے لئے شامل کیا جا سکے اور اس سے آ مدنی میں بھی اضافہ ہوگا۔ اس سلسلے میں، انٹرنیشنل فنانس کارپوریشن (آئی ایف سی)، جو کہ ورلڈ بینک گروپ کا ایک حصہ ہے، کو لین دین کے مشیر کے طور پر اہل قرار دیا گیا ہے۔

ای سی سی نے تفصیلی بحث کے بعد ٹرانزیکشن ایڈوائزری ایگریمنٹ کے مسودے کی منظوری دے دی جو تین ہوائی اڈوں کی آؤٹ سورسنگ کے لئے پی سی سی اے کے ذریعے آئی ایف سی کے ساتھ طے پایا ہے۔ ای سی سی نے وزارت توانائی (پٹرولیم ڈویژن) کی طرف سے پیش کردہ مندرجہ ذیل سمریوں پر بھی غور کیا اور منظوری دی۔جس میں میسرز ماری پٹرولیم کمپنی لمیٹڈ (ایم پی سی ایل ) کے حق میں فیلڈ ڈویلپمنٹ پلان کی منظوری دی۔ 28 اگست 2022 سے پولش آئل اینڈ گیس کمپنی لمیٹڈ (پی او جی سی ) کے حق میں کیرتھر ایکسپلوریشن لائسنس بلاک پر دوسرے دو سال کی تجدید کی منظوری دی گئی۔

میسرز ماری پٹرولیم کمپنی لمیٹڈ (ایم پی سی ایل ) کو غازی-1 کی دریافت پر توسیعی کنویں کی جانچ (ای ڈبلیو ٹی ) کی اجازت دی گئی۔ مزید برآں ای سی سی نے رواں مالی سال کے لیے درج ذیل تکنیکی سپلیمنٹری گرانٹس فراہم کرنے کا بھی فیصلہ کیا۔صوبہ سندھ میں ترقیاتی اسکیموں پر عملدرآمد کے لئے وزارت توانائی (پاور ڈویژن) کے حق میں 607.6 ملین۔ کے پی کے اور سندھ صوبوں میں ایس ڈی جیز اچیومنٹ پروگرام (ایس اے پی ) کے تحت ترقیاتی سکیموں پر عملدرآمد کے لئے وزارت ہاؤسنگ اینڈ ورکس کے حق میں 1689.5 ملین،سابقہ ​​فاٹا میں ترقیاتی سکیموں پر عملدرآمد کے لیے وزارت ہاؤسنگ اینڈ ورکس کے حق میں 5000 ملین روپے کی منظوری دیدی ۔

ای سی سی نے وزارت توانائی (پاور ڈویژن) کی جانب سے ڈیوٹیوں اور ٹیکسوں کی ادائیگی کے زیر التواء معاملے پر حکومت پاکستان اور کے الیکٹرک (پہلے کے ای ایس سی) کے درمیان طے پانے والے نفاذ کے معاہدے پر جمع کرائی گئی سمری کو موخر کر دیا۔