وزیر خزانہ اسد عمر کی زیر صدارت ”نیشنل فنانشنل انکلوژن سٹریٹجی اور مالی سیکٹر سے متعلق اقتصادی ایڈوائزری کونسل کے ذیلی گروپس کا اجلاس

73

اسلام آباد ۔ 17 نومبر (اے پی پی) وزیر خزانہ اسد عمر کی زیر صدارت ”نیشنل فنانشنل انکلوژن سٹریٹجی (این ایف آئی ایس) اور مالی سیکٹر سے متعلق اقتصادی ایڈوائزری کونسل کے ذیلی گروپس کا اجلاس ہفتہ کو وزارت خزانہ میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں تمام بڑے سٹیک ہولڈرز، وزارت خزانہ، سٹیٹ بینک آف پاکستان، ایف بی آر اور سیکورٹی ایکس چینج کمیشن پاکستان (ایس ای سی پی) سے ذیلی گروپ کے ارکان نے شرکت کی۔ گورنر سٹیٹ بینک طارق باجوہ نے پاکستان میں مالی خدمات تک معیاری رسائی میں بہتری کی غرض سے قومی مالی شمولیتی سٹریٹجی پیش کی۔ انہوں نے آئندہ دس سالوں میں اہداف کے حصول کی غرض سے مختلف سطح پر اٹھائے جانے والے پالیسی اقدامات سے آگاہ کیا۔ اجلاس کے دوران وسیع پیمانے پر صارفین، چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار اور ملک بھر میں ابھرتی ہوئے کاروباری اداروں تک رسائی کے لئے مالی خدمات کی ڈیجیٹلائزیشن سے متعلق امور زیر بحث لائے گئے۔ وزیر خزانہ نے مالی شمولیتی سٹریٹجی کو سراہا اور مقررہ وقت کے اندر مطلوبہ مقاصد اور اہداف کے حصول پر زور دیا۔