وزیر خزانہ اسد عمر کی میڈیا سے گفتگو

55

اسلام آباد ۔ 23 نومبر (اے پی پی) وزیر خزانہ اسد عمر نے کہا ہے کہ حکومت ملکی معیشت کو اپنے پاﺅں پر کھڑا کرنے کے لئے موثر اقدامات کر رہی ہے‘ برآمدات میں اضافے کے لئے تاجروں اور کسانوں کو مضبوط کیا جارہا ہے‘ حکومت کی 100 روزہ کارکردگی اطمینان بخش ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو پارلیمنٹ ہاﺅس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وزیر خزانہ اسد عمر نے کہا کہ ہمیں پاکستان کو معاشی طور پر اپنے پاﺅں پر کھڑا کرنا ہے۔ اس مقصد کے لئے ہمیں برآمدات کو فروغ دینا‘ تاجروں اور کسانوں کو مضبوط کرنا ہے‘ حکومت اس حوالے سے موثر اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملازمتوں کے مواقع میں اضافے کے حوالے سے پالیسی کا اعلان جلد کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے 100 روز میں ریکارڈ کام کئے ہیں، ماضی میں ایسا کچھ نہیں کیا گیا، حکومت کی 100 روزہ کارکردگی اطمینان بخش ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے اداروں کی نجکاری کی جارہی ہے جو سٹریٹجک اہمیت کے حامل نہیں ہیں۔ سٹیل ملز اور پی آئی اے کو اپنے پاﺅں پر کھڑا کرنے کے لئے نجکاری کی فہرست سے نکال دیا گیا ہے۔