وزیر داخلہ اعجاز احمد شاہ کا یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر خصوصی پیغام

114

اسلام آباد ۔ 4 فروری (اے پی پی) وزیر داخلہ اعجاز احمد شاہ نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی جارحیت اور ظلم اور بربریت کو آج 6 ماہ سے زیادہ ہو گئے ہیں، اس طویل مدت میں انسانی حقوق کی پامالی کی اس سے زیادہ گھناﺅنی مثال نہیں ملتی، مودی سرکار کا شدت پسند چہرہ ساری دنیا کے سامنے بے نقاب ہو چکا ہے، پاکستان نے اب تک ہر فورم پر اپنے کشمیری بھائیوں کےلئے آواز اٹھائی ہے اور ہم کسی صورت اپنے مو¿قف سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ وزارت داخلہ سے جاری بیان کے مطابق یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر خصوصی پیغام میں انہوں نے کہا کہ ہم ایک پرامن قوم ہیں اور حق کےلئے آواز اٹھانے کا شعور رکھتے ہیں لیکن اس کا ہرگز یہ مطلب نہیں ہے کہ ہماری امن پسندی کو کمزوری سمجھا جائے، ہم اپنی سرزمین کا دفاع کرنا بخوبی جانتے ہیں اور ہر قسم کے بیرونی خطرات سے نمٹنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مودی کے غیر ذمہ دارانہ بیانات اس بات کی دلیل ہیں کہ وہ ایک شدت پسند سوچ کے مالک ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے کشمیری بھائیوں کےلئے ہر جگہ آواز اٹھائی ہے اور انہوں نے اپنے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے خطاب میں بھی یہی پیغام دیا کہ کشمیریوں کو ان کا حق خودارادیت ملنا چاہئے، وہ اس وقت عالمی سطح پر کشمیر کے سفیر بن چکے ہیں، حق خود ارادیت کشمیری بھائیوں کا انسانی اور قانونی حق ہے اور کسی کو بھی ان کا یہ حق صلب کرنے کی اجازت نہیں ہونی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ مودی سرکار اور بھارتی فوج کشمیر کے علاقے میں حیوانیت کے آخری درجے پر جا چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے بین الاقوامی طور پر اس مسئلہ کے خلاف اور اس کے حل کےلئے آواز اٹھائی ہے، باقی ممالک کو بھی اس مسئلہ کے حل کےلئے پاکستان کا بھرپور ساتھ دینا چاہئے، ہر کسی کو انسانیت کے ناطے اس معاملہ پر توجہ دینے کی سخت ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی برادری کا کردار کشمیر کو حق خودارادیت دلوانے کےلئے بے حد ضروری ہے اور کشمیر کے معاملہ پر عالمی برادری کی خاموشی قابل تشویش ہے۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ کشمیر کے مسئلہ کا حل خطہ کے امن کےلئے بے حد اہمیت کا حامل ہے، کشمیر ہماری شہ رگ ہے اور اس مسئلہ کے حل کے بغیر پاک۔بھارت تعلقات میں بہتری آنا ناممکن ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج کے دن اپنے کشمیری بھائیوں سے اظہار یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں اور اس عزم کا اعادہ کرتے ہیں کہ کشمیر کے مسئلہ کے حل تک کشمیریوں کی آواز بنے رہیں گے، دعاگو ہیں کہ کشمیریوں کی زندگی میں آزادی کا سورج جلد طلوع ہو۔