اسلام آباد۔27مئی (اے پی پی):وزیر داخلہ محسن نقوی منگل کو سرکاری دورے پر ایرانی شہر مشہد پہنچے تو مشہد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر خراسان صوبے کے گورنر جنرل غلام حسین مظفری نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔ یہاں جاری بیان کے مطابق دورے کے دوران وزیر داخلہ محسن نقوی نے حضرت امام رضا علیہ السلام کے روضے پر حاضری دی اور اس کے مختلف حصوں کا دورہ کیا۔
اس موقع پر انہوں نے خطے میں امن، خوشحالی اور استحکام کے لیے خصوصی دعائیں کیں۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے پاکستانی زائرین کے لئے خصوصی انتظامات کرنے پر ایرانی حکومت کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ انشاء اللہ پاکستان اور ایران زائرین کے لیے سہولیات بہتر بنانے کے لیے مل کر کام کرتے رہیں گے۔