وزیر داخلہ محسن نقوی کی زیرصدارت اجلاس، تمام ذیلی اداروں کے مابین تعاون بڑھانے کا فیصلہ

18
وزیر داخلہ محسن نقوی کی زیرصدارت اجلاس، تمام ذیلی اداروں کے مابین تعاون بڑھانے کا فیصلہ

اسلام آباد۔11جون (اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی زیرصدارت وزارت داخلہ میں اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں وزارت داخلہ کے تمام ذیلی اداروں کے مابین باہمی تعاون بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ تمام ذیلی اداروں کے مابین باہمی تعاون انتہائی ضروری ہے، تمام ادارے ایک دوسرے کی استعداد کار سے بھر پور فائدہ اٹھائیں اور عوام کی زندگیوں میں آسانیاں پیدا کریں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ انفارمیشن اور ڈیٹا کا بروقت تبادلہ انتہائی اہم ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ مختلف اداروں کے بیرون ملک سفارت خانوں میں تعینات افسران وزارت کے دیگر اداروں کو بھی معاونت فراہم کر سکتے ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ تمام اداروں کی افرادی قوت سے بھرپور استفادہ کرنا ہوگا، باہمی کوآرڈی نیشن بہتر ہونے سے عوام کے ساتھ حکومت کو بھی فائدہ پہنچے گا۔ انھوں نے ہدایت کی کہ تربیتی کورسز میں صرف میرٹ پر پورا اترنے والے افسران کو نامزد کیا جائے تاکہ متعلقہ افسران کی استعداد کار میں اضافہ ہو۔ وزیر داخلہ نے تمام اداروں کو اس سلسلے میں اپنی سفارشات پیش کرنے کی ہدایت کی۔

وفاقی سیکرٹری داخلہ سفارشات کے تناظر میں جامع پلان مرتب کریں گے اور وزیر داخلہ محسن نقوی کو پیش کریں گے۔ وزیر مملکت داخلہ طلال چوہدری، سیکرٹری داخلہ، ایڈیشنل سیکرٹریز نادرا، اینٹی نارکوٹکس کنٹرول، ایف آئی اے، فرنٹیئر کور، فرنٹیئر کانسٹیبلری، رینجرز، نیشنل پولیس اکیڈمی، نیشنل پولیس بیورو، پاسپورٹ اینڈ امیگریشن، نیشنل سائبر کرائم انویسٹیگیشن ایجنسی، اسلام آباد پولیس کے سربراہان اجلاس میں شریک ہوئے۔