وزیر دفاع خرم دستگیر خان کا کور ہیڈ کوارٹر پشاور اور خیبر ایجنسی کا دورہ کیا

اسلام آباد ۔ 10 جنوری (اے پی پی) وزیر دفاع انجینئر خرم دستگیر خان نے کور ہیڈ کوارٹر پشاور اور خیبر ایجنسی کا دورہ کیا جہاں انہیں سیکیورٹی صورتحال، جاری آپریشن، سرحدی سیکیورٹی کے امور اور عارضی نقل مکانی کرنے والے افراد کی واپسی کے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق وزیر دفاع خرم دستگیر خان نے فوجی جوانوں کے دستوں سے ملاقاتیں کیں اور پاک فوج کی پیشہ وارانہ تیاریوں اور بلند حوصلوں کی تعریف کی۔ قبل ازیں وزیر دفاع نے کور ہیڈ کوارٹر میں یادگار شہداءپر حاضری دی اور پھولوں کی چادر چڑھائی اور کور کمانڈر پشاور سے ملاقات کی۔