وزیر دفاع خواجہ محمد آصف سے ایران کے سفیر کی ملاقات

116

اسلام آباد۔13اپریل (اے پی پی):وزیر دفاع خواجہ محمد آصف سے ایران کے سفیر سید محمد علی حسینی نے جمعرات کو یہاں ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امورپر تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیر دفاع نے صدیوں پرانی مذہبی اور ثقافتی وابستگیوں سے پروان چڑھنے والے دوستانہ اور برادرانہ تعلقات کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان جموں و کشمیر کے عوام کی منصفانہ جدوجہد کے لئے سپریم لیڈرآیت اللہ خامنہ ای کی بھرپور اور غیر متزلزل حمایت کا شکر گزار ہے۔

جوائنٹ بارڈر کمیشن (جے بی سی) کی اہمیت کا اظہار کرتے ہوئے وزیر دفاع نے کہا کہ پاکستان نے بارڈر مینجمنٹ کے حوالے سے تمام ضروری اقدامات کئے ہیں اور اس سلسلے میں مشترکہ کوششیں کی ہیں۔وزیر دفاع نے کابل پر طالبان کے قبضے کے بعد افغانستان میں امن کے حصول کے لئے علاقائی تعاون کی اہمیت کو اجاگر کیا۔

ایران کے سفیرسید محمد علی حسینی نے پاکستان کی دفاعی صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک دفاع اور توانائی کے شعبے میں وسیع تعاون کے امکانات رکھتے ہیں۔دونوں فریقین کا مقصد مشترکہ مفاد کے مختلف شعبوں بشمول سیکورٹی، مشترکہ انسداد دہشت گردی کے اقدامات اور علاقائی اقتصادی روابط کو یقینی بنانا ہے۔