وزیر دفاع خواجہ محمد آصف کی سربراہی میں سٹالڈ ونڈ انرجی پراجیکٹس بارے کمیٹی کا اجلاس

238
Khawaja Asif

اسلام آباد۔1مارچ (اے پی پی):وزیراعظم کی جانب سے سٹالڈ ونڈ انرجی پراجیکٹس پر تشکیل کردہ کمیٹی کا پہلا اجلاس بدھ کو یہاں وزیر دفاع خواجہ محمد آصف کی سربراہی میں منعقد ہوا۔کمیٹی کا مقصد گزشتہ دور حکومت سے نامکمل اور روکے گئے منصوبوں کی جلد تکمیل کی راہ میں حائل رکاوٹوں کا تعین اور ان کو دور کرنے کی سفارشات دینا ہے۔

وزارت انسانی حقوق کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق اجلاس میں وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق میاں ریاض حسین پیرزادہ کی جانب سے تجویز دی گئی  کہ جو کمپنیاں طے کردہ معیار پر پوری اترتی ہیں ان کو جلد از جلد منصوبوں کی تکمیل کی اجازت ملنی اور مسابقتی بولی کے طریقہ کار میں بہتر ی لائی جانی چاہیئے ۔اجلاس میں تمام صوبوں کو پیشگی اطلاع کے بعد آئندہ  اجلاس میں شامل کیے جانے کی تجویز بھی دی گئی تاکہ سیر حاصل بحث کے بعد جامع سفارشات وزیراعظم کو پیش کی جا سکیں۔کمیٹی کا دوسرا اجلاس 9 مارچ کو طلب کیا گیا ہے۔ کمیٹی کی تشکیل وزیر انسانی حقوق میاں ریاض حسین پیرزادہ کی سفارش پر کی گئی ہے۔