لاہور۔10جون (اے پی پی):صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے پیر کو پاکستان چلڈرنز ہارٹ فائونڈیشن کا دورہ کیا۔چیئرمین فرحان احمد نے انہیں پاکستان چلڈرنز ہارٹ فائونڈیشن کی ورکنگ بارے تفصیلات سے آگاہ کیا۔خواجہ سلمان رفیق نے یونیورسٹی آف لاہور میں زیرتعمیرہسپتال کا بھی دورہ کیا اور وہاں دستیا ب طبی سہولیات کا جائزہ لیا۔ایم ایس ڈاکٹر زاہد پرویز نے انہیں بریفنگ دی۔
اس موقع پر چیئرمین یونیورسٹی آف لاہور اویس رف، ایم ایس ڈاکٹر زاہد پرویز، عمارہ اویس، فرحان احمد، ڈاکٹر علی ناصر، ڈاکٹر ارسل، ڈاکٹر عاصم، عائشہ، حاجرہ، فواد، پروفیسر عظمی و دیگر موجود تھے۔صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ جناح ہسپتال، میو ہسپتال، گنگارام ہسپتال، وزیر آباد اور فیصل آباد میں کارڈیالوجی ڈیپارٹمنٹ اور ہسپتالوں کی استعدادکار بڑھائی جا رہی ہے۔ پاکستان میں ہر سال امراض قلب کے ساتھ پیدا ہونے والے بچوں کی تعداد میں اضافہ ہورہا ہے۔ سرکاری کارڈیالوجی ہسپتالوں میں سرجریز کی تعداد کو بڑھانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ سرگودھا میں نواز شریف سٹیٹ آف دی آرٹ کارڈیالوجی ہسپتال بنانے جا رہے ہیں۔
پاکستان چلڈرنز ہارٹ فائونڈیشن کی اس نیک کاوش میں ان کے ساتھ ہیں۔ صوبائی وزیرصحت نے کہاکہ وزیر اعلی پنجاب کی قیادت میں عوام کیلئے آسانیاں پیدا کر رہے ہیں۔ پنجاب میں بد قسمتی سے پانچ سال ٹیچنگ کیڈر کی بھرتی پر پابندی عائد کئے رکھی گئی۔انہوں نے خدمت انسانیت میں پیش پیش پاکستان چلڈرنز ہارٹ فائونڈیشن کی کاوشوں کو بے حدسراہا۔چیئرمین یونیورسٹی آف لاہور اویس رف نے صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق کی یونیورسٹی آف لاہور میں آمد پر شکریہ ادا کیا۔چیئرمین پاکستان چلڈرنز ہارٹ فائونڈیشن فرحان احمد نے کہاکہ خواجہ سلمان رفیق ہمارے پراجیکٹس کی قیادت فرمائیں۔ ہم نے اللہ تعالی کا نام لے کر خدمت انسانیت کا سفر شروع کیا ہے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=474640