وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ کا سیاسی وابستگیوں پر قومی مفادات کو مقدم رکھنے کی ضرورت پر زور

214

اسلام آباد۔24جون (اے پی پی):وفاقی وزیر قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ نے سمندر پار پاکستانیوں پر زور دیا ہے کہ اپنی سیاسی وابستگیوں پر قومی مفادات کو ترجیح دیں، سمندر پار پاکستانی ملک کا قیمتی اثاثہ ہیں جنہوں نے نہ صرف ملک کا وقار بلند کیا بلکہ ہمیشہ مشکل وقت میں مثبت کردار ادا کیا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے واشنگٹن ڈی سی میں پاکستانی سفارتخانے میں پاکستانی کمیونٹی کے ارکان اور مختلف سیاسی جماعتوں سے تعلق رکھنے والے دیگر معززین سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

ہفتہ کو جاری ہونے والی ایک پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ اس موقع پر امریکہ میں پاکستان کے سفیر مسعود خان اور کمیونٹی لیڈر ساجد تارڑ بھی موجود تھے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ بدقسمتی سے بعض مفاد پرست عناصر نے بیرون ملک پاکستان اور حکومت کے بارے میں مذموم پروپیگنڈہ شروع کر رکھا ہے تاکہ بیرون ملک مقیم پاکستانی کمیونٹی میں دراڑیں پڑسکیں۔ انہوں نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ ایک طرف یہ عناصر سمندر پار پاکستانیوں کو مادر وطن کے خلاف غیر ملکی حکومتوں اور قانون سازوں سے رجوع کرنے پر اکسا رہے ہیں تو دوسری طرف سمندر پار پاکستانیوں کو خود ساختہ اور جھوٹی کہانیوں کے ذریعے مشنز اور امیگریشن کے عمل کے بارے میں گمراہ کیا جا رہا ہے۔

وزیر قانون نے اس بات کو مسترد کیا کہ حکومت پاکستان نے اس سلسلے میں نہ تو کوئی فہرست تیار کی ہے اور نہ ہی کوئی قدم اٹھایا ہے اور بیرون ملک مقیم افراد پر زور دیا کہ وہ اپنے متعلقہ سفارت خانوں اور قومی اداروں سے رابطہ کرکے اس قسم کے پروپیگنڈے کو زائل کریں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ سمندر پار پاکستانی ہماری پہچان رہے ہیں جن کے ساتھ ہمارے لازوال تعلقات ہیں۔ وہ پاکستان کی اصل پہچان ہیں۔ لہذا یہ ہماری اجتماعی ذمہ داری ہے کہ ہم ملک کی عزت کو بلند رکھیں ۔

وزیر قانون نے مزید کہا کہ وزیراعظم اور ان کی کابینہ کے ارکان نے سمندر پار پاکستانیوں کے لیے مشترکہ جذبات کا اظہار کیا اور ان کی خدمات کا اعتراف کیا ہے۔ 9 مئی کے واقعات کے بارے میں وفاقی وزیر نے کہا کہ ملک کی تاریخ دو سیاسی جماعتوں کی جمہوری جدوجہد سے بھری پڑی ہے لیکن انہوں نے ہمیشہ سیاسی جدوجہد اور فساد میں فرق کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کا کوئی بھی مہذب معاشرہ اپنے شہدا اور قومی اداروں پر حملے کو برداشت نہیں کر سکتا، انہوں نے مزید کہا کہ قانون اپنا راستہ اختیار کرے گا تاکہ مستقبل میں ایسے واقعات دوبارہ رونما نہ ہوں۔

اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ جن شرپسندوں کے خلاف ٹھوس شواہد موجود ہیں انہیں قانونی اور آئینی کارروائی کا سامنا کرنا پڑے گا۔انہوں نے کہا کہ سیاسی عمل میں حصہ لینا سمندر پار پاکستانیوں کا حق ہے تاہم انہوں نے خبردار کیا کہ اس حوالے سے کوئی بھی جلد بازی جمہوریت اور جمہوری عمل کے لیے نقصان دہ ہو سکتی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ بیرون ملک مقیم افراد کو ووٹ کا حق دینے کے لیے مختلف تجاویز پر غور کیا جا رہا ہے، اس حوالے سے تمام سیاسی جماعتوں کا اتفاق رائے بہتر حکمت عملی بنانے میں مددگار ثابت ہوگا۔

وفاقی وزیر نے یہ بھی بتایا کہ قومی پرچم بردار ایئر لائن (پی آئی اے) کی وقار کو بحال کرنے کے لئے مسلسل کوششیں جاری ہیں، جو گزشتہ حکومت کے دور میں خراب ہوئی تھی، تاہم، انہوں نے مزید کہا کہ اس میں کچھ وقت درکار ہے۔ انہوں نے کہا کہ فضائی صنعت کے مسائل کو منظم کرنے کے لیے ایک جامع قانون سازی کی جا رہی ہے جس کا اعلان جلد کیا جائے گا۔ اپنے دورے کے دوران وزیرقانون نے کانگریس کے اراکین، اسٹیٹ ڈیپارٹمنٹ لیگل بیورو کے حکام اور امریکی میڈیا کے نمائندوں سے بھی مختلف ملاقاتیں کیں۔