موجودہ حکومت کے 4 سالوں میں دہشت گردی کے واقعات میں نمایاں کمی آئی،وزیر مملکت برائے داخلہ انجنیئر بلیغ الرحمان کی ٹی وی چینل سے گفتگو
اسلام آباد ۔ 25 جولائی (اے پی پی) وزیر مملکت برائے داخلہ انجنیئر بلیغ الرحمان نے کہا ہے کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے، مسلح افواج اور پوری پاکستانی قوم دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ میں قربانیاں دے رہے ہیں۔ منگل کو ایک ٹی وی چینل سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کے 4 سالوں میں دہشت گردی کے واقعات میں نمایاں کمی آئی ہے۔ 2013ءمیں جب پاکستان مسلم لیگ (ن) نے اقتدار سنبھالا تو روزانہ دہشت گردی کے واقعات ہوتے تھے لیکن آج ان واقعات میں واضح کمی آئی ہے جو ہماری حکومت کے دہشت گردی کے جڑ سے خاتمے کے عزم کو واضح کرتا ہے۔ وزیر مملکت کا کہنا تھا کہ ہماری مسلح افواج کے کامیاب آپریشن ضرب عضب کی وجہ سے دہشت گردوں کی پناہ گاہیں تباہ کر دی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں دہشت گردی کے لیے مغربی بارڈر استعمال کیا جا رہا ہے اور یہاں ہونے والی دہشت گردی کی کارروائیوں میں سے اکثر کا تعلق سرحد پار سے ہی ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مغربی سرحد کو محفوظ بنانے کے لیے بھی مناسب اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ بلیغ الرحمان کا کہنا تھا کہ ہماری قیادت ملک کو محفوظ بنانے کے لیے پرعزم ہے اور اس ضمن میں اہم اقدامات بھی کیے جا رہے ہیں۔