وزیر مملکت برائے ماحولیاتی و موسمیاتی تبدیلی زرتاج گل کی راولپنڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے دورے کے موقع پر گفتگو

256

راولپنڈی۔ 26 نومبر (اے پی پی) وزیر مملکت برائے ماحولیاتی و موسمیاتی تبدیلی زرتاج گل نے کہا ہے کہ ماحولیاتی آلودگی ایک اہم مسئلہ ہے، وفاقی حکومت کلین اینڈ گرین پاکستان منصوبے کے تحت پورے ملک میں دس ارب درخت لگائے گی۔یہ بات انھوں نے گزشتہ روز راولپنڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے دورے کے دوران کہی۔ اس موقع پر تاجر برادری کے اجلاس سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ ماحولیاتی و فضائی آلودگی اور موسمی تغیرات ہماری آب و ہوا کو بری طرح متاثر کر رہے ہیں جس سے دھند اور سموگ سمیت دیگر مسائل کا سامنا ہے اور انسانی صحت پر بھی مضر اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔وزیر اعظم عمران خان کی ہدایت پر ہماری حکومت نے صوبہ خیبر پختونخوا میں بلین ٹری سونامی کے تحت ایک ارب درخت لگائے ہیں، اسی منصوبے کی طرز پر اگلے پانچ سال میں چاروں صوبوں اور گلگت بلتستان و کشمیر میں بھی پودے لگائے جائیں گے۔