وزیر مملکت برائے مواصلات مراد سعید کی پریس کانفرنس

117
APP14-20 ISLAMABAD: September 23 – Minister of State for Communication Murad Saeed addresses press conference. APP photo by Javed Qureshi

اسلام آباد ۔ 23 ستمبر (اے پی پی) وزیر مملکت برائے مواصلات مراد سعید نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کے وژن کے مطابق وفاقی وزارت مواصلات نے 75 دنوں کے لئے اہداف کا تعین کر دیا ہے، شفافیت اور احتساب کے وزیراعظم کے وژن کو آگے بڑھاتے ہوئے وزارت مواصلات کے 6 منصوبوں کے تھرڈ پارٹی آڈٹ کرائے جائیں گے، این ایچ اے کی 177 عام اور 42 لگژری گاڑیوں کی نیلامی کی جائے گی، یہ ایسی گاڑیاں تھیں جس کو قواعد و ضوابط سے ہٹ کر استعمال کیا جا رہا تھا اور ان کی مرمت پر سالانہ تین کروڑ روپے کے اخراجات آ رہے تھے، وزارت بالخصوص این ایچ اے کے زیر استعمال اراضی پر تجاوزات کے خاتمے کے لئے بھی اقدامات ہوں گے۔ اراضی کے حصول اور تجاوزات کے خاتمہ کا ہدف 75 دنوں میں حاصل کرنے کی بھرپور کوشش ہو گی، چکدرہ کالام سڑک کے منصوبے کو آئندہ موسم گرما کے آغاز تک مکمل کرنے کی کوشش کی جائے گی، این ایچ اے اور موٹروے پولیس کے حوالے سے 20 نکاتی پروگرام تیار ہے، آئندہ ہفتے اس کا آغاز ہو گا۔