اسلام آباد ۔ 09اگست (اے پی پی) وطن عزیز کا 73 واں یوم آزادی 14 اگست کو پورے ملک میں روایتی و ملی جوش وجذبے کے ساتھ منایا جائے گا، دن کا آغاز ملک اور قوم کی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کے لئے خصوصی دعا?ں کے ساتھ ہوگا، مزار قائد اور مزار اقبال پر گارڈز کی تبدیلی کی پر وقار تقریبات ہوں گی، وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 31 اور صوبائی دارالحکومتوں میں 21،21 توپوں کی سلامی ہوگی، صدر اور وزیر اعظم قوم کے نام خصوصی پیغامات جاری کئے جائیں گے، یوم آزادی مناتے ہوئے بھارتی مقبوضہ کشمیر کے نہتے کشمیری بہن بھائیوں کے ساتھ یکجہتی کا بھی اظہار کیا جائے گا اور بھارتی جبر غیر قانونی فوجی محاصرے، لاک ڈاون اور مظالم کی مذمت کی جائے گی ـ 73 برس قبل 14 اگست کے دن بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناح کی قیادت میں برصغیر کے مسلمانوں نے لاکھوں قربانیاں دے کر ایک علیحدہ مملکت خداداد پاکستان کی شکل میں دنیا کے نقشے پر ایک آزاد اسلامی جمہوری ریاست کا قیام عمل میں لایا جس کا مقصد انگریز سامراج سے آزادی حاصل کرکے ایسی ریاست قائم کرنا تھا جہاں برصغیر کے مسلمان اپنی زندگیاں اپنے اسلامی طور طریقوں، روایات اور اقدار کے تحت آزادانہ گزار سکیں، اس مملکت خدادا کا خواب علامہ اقبال نے دیکھا اور قائداعظم محمد علی جناح نے اسے تعبیر دی۔ ہر سال ملک کے تمام چھوٹے بڑے شہروں، قصبوں اور دیہات میں جشن آزادی شایان شان طریقے سے منایا جاتا ہے۔ ملک کا 73 واں یوم آزادی اس عزم کی تجدید کے ساتھ منایا جائے گا کہ اس مملکت خدادا پاکستان کو ترقی اور خوشحالی کی نئی منازل پر پہنچانے کے لئے کوئی دقیقہ فرو گزاشت نہیں چھوڑا جائے گا۔ پوری قوم 14 اگست کو وطن عزیزکا 73 واں یوم آزادی روایتی و ملی جوش و جذبے اور آزادی کی تحریک میں شریک اپنے پرکھوں کی عظیم قربانیوں کی یادکو تازہ رکھنے کے عزم کے ساتھ منائے گی۔ یہ دن قومی جذبے اور ملکی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کے لئے متحرک کردار ادا کرنے کے عزم کی تجدید کا بھی دن ہے تاکہ جو خواب بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح نے دیکھا تھا اسے پورا کیا جاسکے۔ یہ دن قومی اداروں پر قوم کے اعتماد کو تقویت دینے کے عزم کی بھی تجدید کرے گا، جس کے ذریعے قوم کے سماجی و اقتصادی ترقی ، ملکی سلامتی اور استحکام کے لئے کردار کو اجاگر کیا جائے گا۔ اس حوالے سے ملک بھر میں ہفتہ 8 اگست سے 14 اگست تک ہفتہ تقریبات یوم آزادی کا اعلان کیا گیا ہے جس کے ساتھ ہی مختلف تقریبات کا آغاز ہو گیا ہے، قومی ائیر لائن پی آئی اے نے ہفتہ تقریبات کے دوران اپنے مسافروں کے لئے 14 فیصد خصوصی رعایتی پیکج کا اعلان کیا ہے۔ ہفتہ تقریبات کے دوران ملک کے تمام چھوٹے بڑے شہروں، قصبوں میں مباحثوں، تقریری و کوئز مقابلوں، سیمینارز اور کانفرنسوں کا انعقاد کیا جائے گا جبکہ تحریک آزادی کے حالات و واقعات پر لکھی گئی کتب، قومی ہیروز کے پوسٹرز، بینرز اور فن پاروں کی نمائش کے علاوہ مشاعروں کا بھی انعقاد ہوگا جس میں تحریک آزادی کے ہیروز کو سلام پیش کیا جائے گا۔ ان تقریبات میں قائداعظم محمد علی جناح کی قیادت میں تحریک آزادی کی مختلف پہلوئوں کو بھی اجاگر کیا جائے گا تاکہ نوجوان نسل کو ان حالاتِ و واقعات سے روشناس کرایا جا سکے جسکے لئے سامراجی قوتوں سے بر صغیر کے مسلمانوں کو آزادی دلا کر ایک آزاد اسلامی جمہوریہ پاکستان کی شکل میں مملکت خدادا پاکستان کی بنیاد رکھی گئی تھی۔ قائداعظم محمد علی جناح نے 23 مارچ 1940 کو اس وقت کے منٹو پارک لاہور میں تاریخی قرارداد پاکستان پیش کرنے کے بعد پرامن سیاسی جدوجہد کے ذریعے سات سال کے قلیل عرصہ میں پاکستان حاصل کیا۔ یوم آزادی کے موقع پر دن کا آغاز ملک کی ترقی سلامتی اور خوشحالی کے لئے خصوصی دعائوں کے ساتھ ہو گا جبکہ وفاقی دارالحکومت میں 31 اور صوبائی دارالحکومتوں میں 21، 21 توپوں کی سلامی ہوگی۔ ملک بھر میں صبح 8 بجکر 58 منٹ سے صبح 9 بجے تک مکمل خاموشی اختیار کر کے سائرن بجا کر پرچم کشائی کی تقاریب کا انعقاد کیا جائے گا۔ اس دوران سڑکوں پر ٹریفک، ریل گاڑیوں اور بحری جہازوں کی نقل و حمل ایک منٹ کے لئے مکمل رک جائے گی۔ وزیر اعظم عمران خان وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں پرچم کشائی کی تقریب میں شرکت کریں گے۔ اس تقریب میں وفاقی وزرائ اور اعلی سطحی افسران شرکت کریں گے۔ صوبائی دارالحکومتوں اور ضلعی ہیڈ کوارٹرز میں بھی پرچم کشائی کی تقریبات بیک وقت منعقد ہوں گی جبکہ بیرون ملک پاکستانی سفارتخانوں میں بھی یوم آزادی کے موقع پر پرچم کشائی کی تقاریب منعقد کی جائیں گی۔ ریاستی ادارے اور سیاسی جماعتیں بھی یوم آزادی کے حوالے سے مختلف تقاریب منعقد کریں گی۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی، وزیر اعظم عمران خان اور دیگر اداروں کے سربراہان کی طرف سے بھی یوم آزادی کے حوالے سے خصوصی پیغامات جاری کئے جائیں گے جن میں یوم آزادی کی اہمیت کو اجاگر کیا جائے گا۔ ملک بھر میں عوام نے اپنے اپنے رنگا رنگ انداز میں یوم آزادی منانے کے لئے تیاریاں شروع کر دی ہیں یہ سلسلہ آزادی کی صبح تک جاری رہے گا۔ سرکاری اور نجی عمارتوں پر چراغاں ہو گا جبکہ قومی پرچموں کی ہر سو بہار ہو گی اور فضائیں ملی نغموں کی صدائوں سے گونجیں گی
وطن عزیز کا 73 واں یوم آزادی 14 اگست کو پورے ملک میں روایتی و ملی جوش وجذبے کے ساتھ منایا جائے گا
- Advertisement -
- Advertisement -
متعلقہ خبریں