وفاقی ، صوبائی حکومتیں ایک پلیٹ فارم سے سیلاب متاثرین کی مدد کریں ،چیئر پرسن کارپٹ ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ

159

اسلام آباد۔27اگست (اے پی پی):کارپٹ ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ کے چیئر پرسن و لاہور چیمبر کے سابق صدر پرویز حنیف نے پاکستانی قوم سے اپیل کی ہے کہ سیلاب زدگان کی مدد کیلئے جس قدر ہو سکے اپنا کردار ادا کریں ۔ اپنے دفتر میں ملاقات کیلئے آنے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے پرویز حنیف نے کہا کہ ہماری برآمدات تب فروغ پائیں گی جب ہم عالمی منڈیوں میں قیمت اور معیار کے اعتبار سے دوسرے ممالک کے ہم پلہ ہوں گے ۔ پیداواری لاگت اور فریٹ چارجز میں اضافے کی وجہ سے ہماری مصنوعات عالمی منڈیوں میں مقابلے کی دوڑ سے باہر ہو جاتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت برآمدی شعبوں کیلئے پیداواری لاگت میں کمی اور فریٹ چارجز میں ریلیف دے تاکہ برآمدات سے ملک کیلئے زیادہ سے زیادہ زر مبادلہ حاصل کیاجا سکے۔ انہوں نے ملک میں سیلاب سے ہونے والی تباہ کاریوں پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں ایک پلیٹ فارم سے متاثرین کی مدد کریں ، جس قدر تباہی ہوئی ہے وفاقی یا صوبائی حکومتیں اکیلے کبھی مکمل ریلیف سر گرمیاں سر انجام دے سکتی ہیں اور نہ لاکھوں لوگوں کے بحالی ممکن ہے ۔ حکومت سیلاب زدگان کو فوری ریلیف کے بعد ان کی بحالی کیلئے جامع منصوبہ بندی کے تحت اقدامات کو یقینی بنائے۔