کراچی۔ 19 جون (اے پی پی):شیخ الجامعہ وفاقی اردو یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر ضابطہ خان شنواری نے کہا ہے کہ جامعہ اردو نے پہلی بار ٹائمز ہائر ایجوکیشن امپیکٹ رینکنگ میں شرکت کی یہاں اقوامِ متحدہ کے پائیدار ترقیاتی اہداف کی بنیاد پر دنیا بھر کی جامعات کی کارکردگی کا جائزہ لیا جاتاہے جو ایک عالمی معیار ہے۔جمعرات کو جاری اعلامیہ کے مطابق انہوں نے کہا کہ وفاقی اردو یونیورسٹی نے پاکستان میں تہتر ویں پوزیشن حاصل کی جبکہ عالمی سطح پر 2318اداروں میں 1501+بینڈ میں جگہ حاصل کی ہے۔
شیخ الجامعہ نے اس اعزاز پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ کامیابی ابتدائی کوششوں اور محدود دستیاب ڈیٹا کے باوجود حاصل ہوئی ہے جو اس بات کا ثبوت ہے کہ ہماری جامعہ ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی نے اس عالمی درجہ بندی میں جن شعبوں میں حصہ لیا ان میں معیاری تعلیم ،صنفی مساوات ،موسمیاتی تبدیلی،اہداف کے حصول میں شراکت داری شامل ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ یہ کامیابی ہماری محنت کا نتیجہ ہے۔انہوں نے کہا کہ آئندہ برسوں میں اس رینکنگ میں مزید بہتری لانے کی بھرپور کوشش کی جائیگی۔