وفاقی اور صوبائی ادارے مکمل طور پر الرٹ ہیں اوررواں سال مون سون سیزن کی تیاریوں کے لیے مربوط کوششیں کی جارہی ہیں ، چیئرمین فیڈرل فلڈ کمیشن انجینئر احمد کمال

144
Ahmed Kamal
Ahmed Kamal

اسلام آباد۔11جولائی (اے پی پی):فیڈرل فلڈ کمیشن کے چیئرمین انجینئر احمد کمال نے کہا ہے کہ وفاقی اور صوبائی ادارے مکمل طور پر الرٹ ہیں اوررواں سال مون سون سیزن کی تیاریوں کے لیے مربوط کوششیں کی جارہی ہیں ۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تمام وفاقی اور صوبائی ادارے ہر سال جنوری اور فروری میں اپنی تیاریاں شروع کر د یتے ہیں ۔ اس سال مون سون کی تیاریوں سے متعلق چار اعلی سطحی اجلاس منعقد ہوچکے ہیں ۔ ان اجلاسوں میں تمام وفاقی اور صوبائی اکائیوں کو تفصیلی ہدایات جاری کی گئیں۔

صوبوں کے چیف سیکرٹریز کو دریاؤں کے اردگرد تجاوزات اور دریاؤں کے نظام پر اہم ساحلی مقامات کے حوالے سے خطوط ارسال کیے گئے تاکہ سیلاب سے موثر طریقے سے نمٹا جاسکے ۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی محکمہ آبپاشی کے ساتھ سکھر بیراج کے دروازوں کی بروقت مرمت کے معاملے پر بھی بات کی۔ تمام بیراجوں اور ڈیموں کے لئے ٹھوس ہنگامی منصوبہ بندی کی اہمیت پر زور دیا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ ہمیں آبادی کے تحفظ کے لئے، خاص طور پر ہنگامی حالات میں اچھی طرح سے تیاررہنے کی ضرورت ہے ۔نہوں نے کہا کہ اب تک مختلف صوبائی اور وفاقی اداروں کی جانب سے سیلاب سے نمٹنے کے 58 منصوبے موصول ہو چکے ہیں اور کمیشن کی ویب سائٹ پر ڈال دیے گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ تربیلا اور منگلا ڈیموں کی انتظامیہ کو خصوصی ہدایات دی گئی ہیں اور ان ڈیموں کے لئے سیلابی ریلے سے نمٹنے کے لئے انتظامی کمیٹیاں تشکیل دی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی محکموں کو ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے ضلعی سطح پر زمینی حقائق کے مطابق اقدامات اٹھانے کی ہدایت دی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ریور فلڈ پلان مینجمنٹ ایکٹ پر جلد عمل درآمد کے لیے صوبوں کے ساتھ شیئر کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے تمام انتظامی سطحوں پر مربوط کوششوں کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ جان و مال کے تحفظ کے لئے موثر سیلاب کے انتظام اور تیاری کو یقینی بنانا انتہائی ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ جان و مال کے تحفظ کے لئے سیلاب کا موثر انتظام اور تیاری انتہائی ضروری ہے۔