اسلام آباد۔13جون (اے پی پی):کامیاب جوان پروگرام کے سربراہ عثمان ڈار نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت اپنے نوجوانوں کی ہر قسم کی معاونت کیلئے تیار ہے،وزیراعظم کی ہدایت پر نوجوانوں کے لئے اربوں روپے مختص کر رکھے ہیں۔اتوار کو اپنے ایک بیان میں انہوں نے نادیہ حسن کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ نادیہ حسن ہزاروں نوجوانوں کیلئے مثال ہیں، بے روزگاری سے تنگ نوجوان اسکل اسکالرشپ حاصل کر کے روزگار حاصل کریں،وفاقی حکومت اپنے نوجوانوں کی ہر قسم کی معاونت کیلئے تیار ہے۔
عثمان ڈار نے کہا کہ کامیاب نو جوان قرض، اور اسکل اسکالرشپ پروگرام ملک کے نوجوانوں کیلئے ہیں، اب تک ہزاروں نوجوانوں کو قرض اور اسکل اسکالرشپس فراہم کی جا چکی ہیں، وزیراعظم کی ہدایت پر نوجوانوں کیلئے اربوں روپے مختص کر رکھے ہیں، کامیاب جوان پروگرام کے تحت ووکیشنل اسکلز اور ہائی ٹیک ٹریننگ کی فراہمی کے تحت 1 لاکھ 70 ہزار سے زائد نوجوانوں نے سرکاری و نجی یونیورسٹیز سے ہائی ٹیک اسکل کورسز مکمل کر لئے ہیں۔
وفاقی حکومت نے اسکل اسکالر شپ کے تحت نوجوانوں میں 10 ارب روپے تقسیم کر دئیے،ووکیشنل اور ٹیکنیکل ٹریننگ کے ذریعے نوجوان اپنی پسند کے ہنر میں ہائی ٹیک کورسز کر رہے ہیں،کورسز کے ذریعے ہزاروں نوجوان کس طرح گھر بیٹھے روزگار حاصل کر رہے ہیں؟سربراہ کامیاب جوان عثمان ڈار نے نوجوانوں کی حوصلہ افزائی کیلئے خصوصی ڈاکومنٹری جاری کر دی،اسلام آباد کی رہائشی خاتون نادیہ حسن نے اسکل اسکالرشپ پروگرام کے ذریعے روزگار حاصل کر لیا،نادیہ حسن نے کہا کہ نیوٹک یونیورسٹی سے جدید کوڈنگ اور ڈیوائس مینجمنٹ کا ہائی ٹیک کورس کیا ،
ماسٹرز تعلیم مکمل ہونے کے باوجود ملازمت نہیں مل رہی تھی۔نادیہ حسن نے کہا کہ کامیاب جوان اسکل اسکالرشپ کے ذریعے ہنر حاصل کیا تو گھر بیٹھے روزگار مل گیا،اب نوکری نہ ہونے کے باوجود گھر بیٹھے آن لائین پیسے کما رہی ہوں، فری لانسنگ، بلاگنگ اور ویب انالسز جیسے جدید کورسز کروائے گئے۔نادیہ حسن نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان اور کامیاب جوان پروگرام ٹیم کی شکرگزار ہوں۔