وفاقی دارالحکومت سمیت بالائی علاقوں میں آندھی اورگرج چمک کے ساتھ مزید بارش اور چند مقامات پر موسلا دھار بارش کا امکان

132
آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بالائی علاقوں میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے اور چند مقامات پر تیز ہوائوں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، محکمہ موسمیات

اسلام آباد۔4جولائی (اے پی پی):وفاقی دارالحکومت سمیت ملک کے بالائی علاقوں میں آندھی اورگرج چمک کے ساتھ مزید بارش جبکہ چند مقامات پر موسلا دھار بارش کا امکان ہے جس کے باعث نشیبی علاقے زیر آب آنے اور پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ ہے۔نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی ( این ڈی ایم اے ) نے موسمی صورتحال کے پیش نظر تمام متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے جبکہ مسافروں، سیاحوں اور دیگر لوگوں کی احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا مشورہ دیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آج بدھ کے روز کشمیر، گلگت بلتستان ،خیبر پختونخوا ،اسلام آباد، خطہ پوٹھوہار ،بالائی /وسطی پنجاب اور شما ل مشرقی بلوچستان میں آندھی اورگرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے ۔ اس دوران بالائی پنجاب، اسلام آباد، کشمیر، بالائی خیبر پختونخوا میں چند مقامات پر موسلا دھاربارش کی توقع ہے جبکہ ملک کے دیگر علاقوں میں موسم شدید گرم اورمرطوب رہے گا۔

گذشتہ 24 گھنٹے کے دوران شمال مشرقی پنجاب، خطہ پوٹھوہار، بالائی خیبر پختونخوااور کشمیر میں تیز ہوائوں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی تاہم ملک کے دیگر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہا۔

سب سے زیادہ بارش پنجاب میں جہلم 49، منگلہ 46، سیالکوٹ (ایئر پورٹ 42، سٹی 29)، لاہور(ہیڈ آفس واسا 33، مغل پورہ 26، ایئر پورٹ25، سٹی 24، قرطبہ چوک 23، پانی والا تالاب 22، تاج پورہ، فرخ آباد 20، لکشمی چوک 18، جوہر ٹائون، نشتر ٹائون 16، چوک ناخدا ، گلشن راوی 14، اقبال ٹائون ، اپر مال 12، ثمن آباد 09)،نارووال 25، راولپنڈی (شمس آباد 23، چکلالہ 17، کچہری 10)، مری 18،گوجرانوالہ 17، اسلام آباد (بوکڑہ 16، زیرو پوائنٹ، ایئر پورٹ 09، سیدپور 03)، قصور 07، منڈی بہائوالدین 06، گجرات 05، نور پور تھل 01، خیبر پختونخوا میں کاکول 30،بالاکوٹ، بنوں 18، مالم جبہ 12،لوئر دیر 08، سیدو شریف 03، کشمیر میں کوٹلی 10،راولاکوٹ 05،گڑھی دوپٹہ 03 اور مظفرآباد(ائیر پورٹ) میں 01ملی میٹر بار ش ریکارڈ کی گئی۔ اس دوران ملک میں زیا دہ سے زیادہ درجہ حرارت دادو، دالبندین47، سبی 46، نوکنڈی اور جیکب آباد میں 45 ڈگری سینٹی گریڈریکارڈ کیا گیا۔

دریں اثناء نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے موسمی صورتحال کے پیش نظر تمام متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے جبکہ مسافروں، سیاحوں اور دیگر لوگوں کی احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا مشورہ دیا ہے ۔