اسلام آباد ۔ 14ستمبر (اے پی پی) وفاقی سیکرٹری مواصلات شعیب احمد صدیقی نے اپنے دورہ کراچی کے دوران نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے علاقائی دفتر کا دورہ کیا جہاں انہیں ممبر ساﺅتھ زون این ایچ اے سید شبیر علی شاہ اور جنرل منیجر کراچی۔حیدر آباد(M-9)عبدالطیف مہیسر نے کراچی۔حیدر آباد موٹروے کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ اجلاس میں سینیٹرڈاکٹر اشوک کمار،میسرز اسکور،ایف ڈبلیو اواورکنسلٹنٹ QAI کے نمائندوں نے شرکت کی۔ وفاقی سیکرٹری مواصلات شعیب احمد صدیقی نے موٹروے کی مشکل تعمیر کے ساتھ ساتھ سماجی اور ماحولیاتی آلودگی کی طرف خصوصی توجہ دینے پرماہرین تعمیرات کی کارکردگی کو سراہا۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ کراچی۔حیدر آباد موٹروے، سی پیک کے ایسٹرن روٹ پشاور۔کراچی موٹروے کا حصہ ہے،جو کراچی پورٹ کو پورے ملک سے ملانے کا اہم رابطہ ہے۔ منصوبے کے سکوپ میں چار رویہ سپر ہائی وے کو سہراب گوٹھ کراچی سے حیدر آبادتک چھ لین موٹروے میں تبدیل کرنا ہے۔اس منصوبے کی کل لمبائی 136 کلومیٹر ہے جس میں 8 نئے انٹرچینجز اور 2 موجودہ انٹرچینج شامل ہیں۔