وفاقی سیکرٹری وزارت اطلاعات و نشریات شفقت جلیل کا ایوان قائد میں تصاویری نمائش کی افتتاحی تقریب سے خطاب

296
APP14-22 ISLAMABAD: March 22 – Secretary Information, Shafqat Jalil inaugurating the photo exhibition “The Photographic Journey Through History” organized by Directorate Of Electronic Media And Publications in the federal capital. APP

اسلام آباد ۔ 22 مارچ (اے پی پی) وفاقی سیکرٹری وزارت اطلاعات و نشریات شفقت جلیل نے کہا ہے کہ قوم کے لئے 23مارچ تاریخی دن کی حیثیت رکھتا ہے، یوم پاکستان بھر پور جوش و جذبے سے منایا جائے گا، بابائے قوم کی پاکستان کے قیام کے لئے جدوجہد سے نئی نسل روشناس کرانے کے لئے تاریخی تصاویر کی نمائش جیسی سرگرمیاں اہمیت کی حامل ہیں۔ وہ جمعہ کو ڈائریکٹوریٹ آف الیکٹرانک میڈیا اینڈ پبلی کیشنز کے زیر اہتمام ایوان قائد ایف نائن پارک میں تین روزہ روزہ تصاویری نمائش کی افتتاحی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ یہ تصاویری نمائش تحریک پاکستان کے لئے جدوجہد کرنے والوں کر خراج عقیدت پیش کرنے کا ایک ذریعہ ہے۔ انہوں نے تصاویری نمائش کے انعقاد کے لئے ڈائریکٹوریٹ آف الیکٹرانک میڈیا اینڈ پبلی کیشنز کی کاوشوں کی تعریف کی۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کے پاکستان کو جدید فلاحی ریاست بنانے کے تصور کےلئے کی جانے والی جدوجہد کو جلد کامیابی حاصل ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ زندگی کے تمام شعبوں سے تعلق رکھنے والے لوگ بالخصوص نوجوان نسل ضرور اس نمائش کا دورہ کریں اور پاکستان کے قیام کے لئے جدوجہد کرنے والی شخصیات کو قریب سے دیکھیں۔ قبل ازیں سیکرٹری اطلاعات نے قومی پرچم لہرایا اور ایک خصوصی دستاویزاتی فلم، ملی نغمہ بھی دیکھا اور نمائش کا دورہ بھی کیا۔ سیکرٹری اطلاعات کو اس موقع پر بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ پاکستان کے قیام کے لئے جدوجہد کرنے والی شخصیات کی 200 سے زائد تصاویر نمائش میں رکھی گئیں ہیں۔ اس موقع پر ڈی جی ڈیمپ شاہیرا شاہد، پی آئی او میاں جہانگیر اقبال، ڈپٹی ڈی جی محمد طاہر اور ایم ڈی اے پی پی قمر اللہ چوہدری بھی موجود تھے۔